قدرتی گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا‘ کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کا گیس کنکشن پر

پابندی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی

جمعہ 1 جنوری 2016 22:33

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا‘ کراچی میں بلند و بالا عمارتوں کا گیس کنکشن پر پابندی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں سفیان یوسف کے قدرتی گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قدرتی گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

توجہ مبذول نوٹس پر سفیان یوسف‘ محمد مزمل قریشی‘ ڈاکٹر نگہت شکیل اور سمن سلطانہ جعفری کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گیس کی قیمتیں 38 فیصد بڑھانے کی بات درست نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہر چھ ماہ بعد اوگرا گیس کی قیمتوں پرنظرثانی کرتا ہے۔ ہر صوبہ میں گیس کی کمی ہے۔ پاکستان کے ہر شہری کو گیس پر حق حاصل ہے۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کے فورم اور سی سی آئی میں معاملہ زیر بحث آنا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلند و بالا عمارات میں گیس کنکشنوں پر سابق دور میں پابندی لگائی گئی تی۔ یہ مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یہ 2011ء کی کابینہ کا فیصلہ تھا اس کو کابینہ ہی واپس لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی کمی ہے تاہم سوئی سدرن کے پاس گیس کے وافر ذخائر ہیں۔ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لئے سی این جی اور صنعتی شعبوں کی سردیوں میں گیس بند کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی سے پاور اور کھاد کے کارخانوں کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ سردیوں میں صورتحال بہت بہتر ہو جائے گی۔