جیلوں سے رہائی پانے والے قیدیوں کو مفید اور ہنر مند شہری بنانے کیلئے کوشاں ہیں، سی آئی آئی ٹی خواتین اور کم عمر قیدیوں کی صلاحیتوں اور ہنر میں اضافے کیلئے تربیتی پروگرام جاری رکھے گا،بریگیڈیئر (ر) محمد رفیع

جمعہ 1 جنوری 2016 22:25

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (سی آئی آئی ٹی) کے فوکل پرسن بریگیڈیئر (ر) محمد رفیع نے کہا ہے کہ ہم جیلوں سے رہائی پانے والے قیدیوں کو مفید اور ہنر مند شہری بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ سی آئی آئی ٹی کی ٹیم خواتین اور کم عمر قیدیوں کی صلاحیتوں اور ہنر میں اضافے کیلئے تربیتی پروگرام جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جیل اصلاحات کی غرض سے سنٹرل جیل ہری پور کے حکام کیلئے ”سٹریس مینجمنٹ“ سے متعلق واہ کینٹ کیمپس میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا اہتمام سی آئی آئی ٹی اسلام آباد شعبہ سائیکالوجی نے کیا تھا۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں ہری پور جیل کے 21حکام نے حصہ لیا جبکہ ڈائریکٹر وفاقی محتسب زریاب مسرت، مشیر محتسب شاہ محمود عالم اور ڈائریکٹر سی آئی آئی ٹی واہ کیمپس ڈاکٹر طیب اکرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر طیب اکرم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی آئی ٹی وفاقی محتسب کے تعاون سے جیل کے ماحول کو ساز گار بنانے کیلئے کام کر رہی ہے، ہم کم عمر قیدیوں اور خواتین ہنر مند بنانے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ وہ رہا ہو کر مفید شہری بن کر زندگی گزار سکیں۔