شرح خواندگی میں ایک سال کے دوران 2 فیصد اضافہ سے 60 فیصد ہوگئی، وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان

جمعہ 1 جنوری 2016 22:10

اسلام آباد ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں شرح خواندگی میں گزشتہ ایک سال کے دوران 2 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 58 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد ہوگئی ہے‘ حکومت ملک میں شرح خواندگی بڑھانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 61.77 ‘ سندھ میں 61.38‘ خیبر پختونخوا میں 53.16 اور بلوچستان میں شرح خواندگی 51.84 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں خواندگی کی شرح کم ہے۔ ایشیائی ملکوں میں صرف افغانستان ہم سے پیچھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے بھی اس ضمن میں کافی کوششیں کر رہے ہیں۔