تعلیم اور صحت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ، دیہی علاقوں میں مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خالی آسامیاں پر کرنے اور ادویات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں ڈاکٹروں کو خصوصی مراعات کا پیکیج دیا گیا ہے

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 21:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء) تعلیم اور صحت حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ، دیہی علاقوں میں مراکز صحت میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خالی آسامیاں پر کرنے اور ادویات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں ڈاکٹروں کو خصوصی مراعات کا پیکیج دیا گیا ہے ۔ راولپنڈی میں دیہی مراکز صحت کی عمارات اور عملے کی رہائش گاہوں کی مرمت کے لئے پانچ کروڑ رپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔

یہ بات صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے تحصیل مری ،کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، دیہی مراکز صحت اور بنیادی مراکز صحت کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔اجلاس میں حافظ عثمان ، راجہ عتیق سرور ، چیئر مین یونین کونسل دریا گلی اصغر عباسی، اشفاق عباسی، شفقت عباسی، اعجاز عباسی، اختر عباسی، راجہ امجد عباسی ، ای ڈی او ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شیخ صابر علی، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد رفیق اور دیگر تحصیلوں کے ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ صحت کی سہولیات عوام کا بنیادی حق ہے اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے صوبے میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ایسے پروگرام شروع کئے گئے ہیں جن کے تحت شہریوں اور دیہی علاقوں میں طبی سہولیات میں کوئی تغاوت نہ رہے اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کا عمل بلا رکاوٹ جاری رہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل مری کے مراکز صحت میں عملے کی کمی پوری کی جائی گی اور بلدیاتی نمائندوں کی موجودگی میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل مری کے طبی مسائل کے حوالے سے انہوں نے سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک کو آگاہ کیا ہے اور اس سلسلے میں بلدیاتی نمائندے بھی اپنے علاقوں میں طبی مراکز سے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکلات کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر کے طبی سہولیات میں تعطل نہ آنے دیا جائے ۔ اجلاس میں شریک ہیلتھ افسران اور تحصیل مری کے بلدیاتی نمائندوں نے مراکز صحت کے حوالے سے مسائل اور ان کے حل کے لئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

متعلقہ عنوان :