پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہیں، کسی صورت نجکاری نہیں ہونے دینگے،ماضی میں بھی ٹیکس ایمنسٹی سیکمیں ناکام ہوتی رہیں،اس دفعہ بھی ناکام ہوگی،،پیر کوپارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں ایمنسٹی سکیم اور نجکاری کے معاملے پر لائحہ عمل طے کرینگے

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمو دقریشی کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 جنوری 2016 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم جنوری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمو دقریشی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہیں کسی صورت نجکاری نہیں ہونے دینگے،ماضی میں بھی ٹیکس ایمنسٹی سیکمز ناکام ہوتی رہیں،اس دفعہ والی بھی ناکام ہوگی،پیر کو پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں ایمنسٹی سکیم اور نجکاری کے معاملے پر لائحہ عمل طے کرینگے۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے،انہوں نے کہا کہ خان صاحب پارلیمنٹ میں آتے جاتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کابل جب اسمبلی میں آیاتھا تو پی ٹی آئی نے مخالفت کی،حکومت سے تب کہہ دیا تھا کہ نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دینگے لیکن اب حکومت کے اقدامات سے لگ رہاہے کہ وہ نجکاری کے معاملات کو آگے بڑھا رہی ہے،ہمیں کہا گیا تھاکہ معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے معاملے پر وفاق اورسندھ حکومت میں ٹکراؤ کی صورتحال ہے جس سے آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے،2015میں دہشت گردوں کے خلاف عزم و اتحاد کا جو ماحول بنا تھا وہ اب بکھرتا ہوا دکھائی دیتا ہے،2016میں کراچی آپریشن کو اسی شدومد سے جاری رکھنا وفاق کیلئے بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔