پاکستان میں تیل کی قیمتیں پیٹرولیم مصنوعات بر آمد کرنے والے ممالک میں سب سے کم ہیں ، دسمبر میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھیں مگر ہم نے اضافہ نہیں کیا ،عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی صاف تیل پر اس لحاظ سے اثر انداز نہیں ہوتیں

وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا سینیٹ میں سینیٹر اعظم خان سواتی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب

جمعہ 1 جنوری 2016 21:13

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک میں سے پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ دسمبر میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھیں مگر اس کے باوجود ہم نے قیمتیں نہیں بڑھائیں ۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریفائنڈآ ئل کی قیمتوں پر اس لحاظ سے اثر انداز نہیں ہوتیں۔

وہ جمعہ کو سینیٹ میں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دے رہے تھے ۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی نے سینیٹ اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں شامل تمام ممالک نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ اپنی عوام کا دیا مگر ہماری حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دینے کی بجائے اپنی جیبوں میں ڈالا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 2014 سے گرنا شروع ہوئیں اور اب تک تین گنا قیمتیں گر چکی ہیں مگر حکومت ایک دو روپے قیمتوں میں کمی بیشی کررہی ہے جس سے بڑی مچھلیاں اپنا منافع کو بڑھارہی ہیں اور عوام کو ریلیف نہیں مل رہا اس موقع پر سینیٹر اعظم خان سواتی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک میں سے پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔

ہمارے ہمسائے ممالک بنگلہ دیش اور سری لنکا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہم سے کئی زیادہ ہیں۔گزشتہ برس اکتوبر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ میں کچھ زیادہ فرق نہیں آیا تھا اس لئے ہم نے دسمبر میں قیمتیں کم کیں ۔ دسمبر میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھیں مگر اس کے باوجود ہم نے قیمتیں نہیں بڑھائیں ۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریفانڈآ ئل کی قیمتوں پر اس لحاظ سے اثر انداز نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں دسمبر میں تیل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس کا عوام تک فائدہ فروری میں پہنچے گا۔ ایسا ممکن نہیں ہوتا کہ جس روز عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوں اسی روز تیل برآمدکرنے والے ممالک میں بھی قیمتیں کم ہو جائیں