ہمسایہ ملکوں میں تیل کی قیمتیں ہمارے مقابلہ میں 20 سے 25 فیصد زیادہ ہیں‘وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی

جتنا ریلیف حکومت پاکستان نے دیا ہے اتنا کسی اور حکومت نے نہیں دیا ٗسینٹ میں اظہار خیال

جمعہ 1 جنوری 2016 20:50

ہمسایہ ملکوں میں تیل کی قیمتیں ہمارے مقابلہ میں 20 سے 25 فیصد زیادہ ہیں‘وزیر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ملکوں میں تیل کی قیمتیں ہمارے مقابلہ میں 20 سے 25 فیصد زیادہ ہیں‘ جتنا ریلیف حکومت پاکستان نے دیا ہے اتنا کسی اور حکومت نے نہیں دیا ۔جمعہ کو سینیٹر اعظم سواتی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی پاکستان میں قیمتیں مطلوبہ حد تک کم نہ کرنے کے معاملے پر توجہ مبذول نوٹس پیش کیا۔

سینیٹر اعظم سواتی کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے والے ملکوں میں پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہیں‘ ہمسایہ ملکوں میں قیمتیں 20 سے 25 فیصد زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

پٹرول کی قیمت میں 36 روپے سے زیادہ کمی کی گئی ہے جو 30 فیصد سے بھی زیادہ ہے اس طرح ڈیزل کی قیمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی جس تناسب سے گرتی ہے اس تناسب سے قیمت کم نہیں ہوتی اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ حکومت پٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی وصول کرتی ہے۔ اضافی ٹیکس لگا کر جی ایس ٹی کی شرح کو بڑھایا جاتا ہے ٗبجٹ کے اندر جو ہدف مقرر کیا گیا ہے اس میں پٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے کمی ہوئی ہے ٗ کل بھی پٹرولیم کی قیمتیں بڑھیں لیکن ہم نے اضافہ نہیں کیا ٗجتنا حکومت پاکستان نے ریلیف دیا ہے اتنا ریلیف کسی اور حکومت نے نہیں دیا۔ یہ ریکارڈ کی بات ہے۔ دسمبر میں جو کمی خام تیل کی قیمتوں میں آئی ہے اس کا فروری میں اثر پڑے گا کیونکہ ہم جو تیل استعمال کر رہے ہیں وہ گزشتہ مہینوں کا ہے۔