نو منتخب رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے قومی اسمبلی کی رکنیت کاحلف اٹھالیا

اڑھائی سال بعد ضمنی انتخابات میں جیت سے ثابت ہو گیاعام انتخابات میں دھاندلی ہوئی، انتخابی اصلاحات میں ایسی ترامیم کرائیں جس سے انصاف میں تاخیر نہ ہو،وزیراعظم لودھراں کے عوام کیلئے اعلان کردہ اڑھائی ارب روپے جاری کریں،خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 20:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء ) لودھراں سے پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے رکن اسمبلی کا حلف اٹھا لیا۔قومی اسمبلی کے ایوان میں آمد پر چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر اراکین نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا۔اس موقع پرجہانگیر ترین نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم نے ہزار بار کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی مگر کوئی نہ مانا اور اڑھائی سال بعد یہ ضمنی انتخابات میں ثابت ہو گیا۔

وزیراعظم لودھراں کے عوام کیلئے اعلان کردہ اڑھائی ارب روپے جاری کریں۔جہانگیر خان ترین لودھراں سے منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی پہنچے تو پورے ایوان کی نگاہیں ان پر ہی مرکوز تھیں۔ایوان میں آمد پر پارتی چیئرمین عمران خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے ڈیسک بجا کر انکا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

حلف اٹھانے کے بعد اپنے اولین خطاب میں جہانگیر ترین نے دوہزار تیرہ کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں اور لودھراں کے عوام سے کئے گئے وعدوں پر روشنی ڈالی۔

جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ میں اڑھائی سال کی طویل جدوجہد کے بعد یہاں پہنچا ہوں۔ہم نے ہزار بار کہا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی مگر کوئی ماننے کو تیار نہ تھا۔لودھراں میں ضمنی انتخابات ہوئے تو ہماری بات سچ ہوئی۔۔اور دھاندلی ثابت ہو گئی۔جہانگیر خان ترین کا کہنا تھا کہ میں نے ضمنی انتخابات میں چار ماہ تک انتکابی مہم چلائی۔

پارٹی چیئرمین عمران خان کا بھی مشکور ہوں جنہوں ن تبدیلی کا وڑن دیا۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل کے قانون کے موجود ہے کہ وہ نوے روز میں فیصلہ دے گا مگر مجھے اڑھائی سال لگ گئے انصاف حاصل کرنے میں۔اس عرصہ میں میں نے ایک سو بتیس پیشیاں بھگتیں اور دو مرتبہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔۔اﷲ نے مجھے تو ہمت دے رکھی ہے کیا کسی اور کے پاس اتنے وسائل ہیں کہ وہ اتنی طویل جدوجہد کرے۔

انصاف ملنے میں تاخیر انصاف نہ ملنے کے برابر ہوتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ وہ اب کوشش کریں گے کہ انتخابی اصلاحات میں ایسی ترامیم کرائیں جس سے انصاف میں تاخیر نہ ہو۔انہوں نے وزیراعظم اور وزیرخزانہ کی توجہ لودھراں کیلئے اعلان کردہ اڑھائی ارب روپے کے پیکج کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا کہ یہ پیسہ مجھے نہیں چاہئے۔لودھراں کے عوام کیلئے مانگ رہا ہوں کیونکہ یہ عوام کا پیسہ ہے اور اسکی ایک ایک پائی عوام پر ہی خرچ ہونی چاہئے۔