ایران سے باہمی تجارت 5ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا،خرم دستگیر

پاکستان میں شرح خواندگی60فیصد ہے، حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے شعبے کو خصوصی توجہ دے رہی ہے، بلیغ الرحمن،سینٹ وقفہ سوالات میں جواب

جمعہ 1 جنوری 2016 20:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جنوری۔2016ء) سینٹکو بتایا گیا کہ ایران پر سے عالمی پابندیاں اٹھنے کے بعد دونوں ممالک کے مابین سالانہ 5 ارب ڈالر کی تجارت پر اتفاق کیا گیا ہے جس میں گیس کی فراہمی ،بجلی تیل اور دیگر شعبوں میں تجارت کے معاہدے شامل ہیں ،پاکستان میں ڈرگ کورٹس کی حالت زار بہت خراب ہے جعلی اور مہنگی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی میں کئی سال لگ جاتے ہیں ،گذشتہ 7سال کے دوران امریکہ سے 64پاکستانیوں کو مختلف سزاؤں میں سزا کے بعد ڈی پورٹ کیا گیا ہے ،ملک میں شرح خواندگی پڑوسی ممالک کے مقابلے میں شرمناک حد تک کم ہے جس میں اضافے کیلئے وفاق اور صوبے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ایوان بالا میں وفقہ سوالات کے دوران سینیٹر چوہدری تنویر خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ایران پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے دوطرفہ تعلقات کی راہ میں مشکلات کا سامنا ہے پاکستان اور ایران کے مابین دوطرفہ تجارت کے کئی معاہدے موجود ہیں اور موجود ہ حکومت نے ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مذید بڑھایا ہے انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ گیس فراہمی کا بڑا منصوبہ ایرن پر سے عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد شروع کیا جا رہا ہے اور دونوں اطراف سے یہ خواہش ظاہر کی گئی ہے کہ دوطرفہ تجارت کا حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا انہوں نے بتایا کہ گیس کے علاوہ پاکستان ایران سے بجلی اور تیل بھی درآمد کر رہا ہے اس وقت مکران ڈویژن کو 74میگا واٹ بجلی ایران فراہم کر رہا ہے جسے 100میگا واٹ تک بڑھایا جائے گاجبکہ 1000میگا واٹ بجلی درآمد کرنے کے دو اضافی منصوبوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے جسے بعد میں 3ہزار میگا واٹ تک بڑھایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈرگ پالیسی کے تحت ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے موجودہ حکومت ادویات کی قیمتوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی انہوں نے کہاکہ اس شعبے میں بہت سی خرابیوں کا سامنا ہے ہیپاٹائٹس کی ادویات کی فراہمی کیلئے جن کمپنیوں نے ٹینڈر جمع کرائے تھے ان میں تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ کئی کمپنیوں کی ادویات سے متعلق فراہم کردہ معلومات درست نہیں ہیں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ادویات کیلئے قائم ڈرگ کورٹس کی حالت زار بہت خراب ہے جعلی اور مہنگی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے بعد مذکورہ افراد فوری طور پر عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کر لیتے ہیں انہوں نے کہاکہ بعض اہم مقدمات میں ہم مجبوراً سپریم کورٹ سے رجوع کر لیتے ہیں سینیٹر طاہر حسین مشہدی کی جانب سے امریکہ سے واپس بجھوائے جانے والے قیدیوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انچارج وزیر انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ اب تک 64 قیدیوں کو امریکہ سے واپس بھجوایا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ اس فہرست میں عافیہ صدیقی کا نام نہیں ہے اس سلسلے میں دوسرا سوال فراہم کیا جائے تو معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر فیڈرل ایجوکیشن محمد بلیغ الرحمن نے کہاکہ پاکستان کی شرح خواندگی اس وقت60فیصد ہے جو کہ پڑوسی ممالک سے کم ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت شرح خواندگی میں صرف افغانستان سے آگے ہے موجودہ حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کے شعبے کو خصوصی توجہ دے رہی ہے اور امید ہے کہ حالیہ سال کے دوران شرح خواندگی میں بڑی حد تک اضافہ ہوجائے گا