سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز نے سال 2015 میں دہشت گردوں کے خلاف 33 آپریشنز میں حصہ لیا

17 دہشت گرد مارے گئے، 95 گرفتار ہوئے، بھاری تعداد میں دھماکہ خیز مواد اور ہتھیار برآمد

جمعہ 1 جنوری 2016 19:51

کراچی ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) سپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس نے سال 2015ء کے دوران مقامی پولیس، اینٹی وائلینس کرائم سیل (اے وی سی سی)،اور کاوٴنٹر ٹیرررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ساتھ مل کر مختلف مقامات پر 33 آپریشنز میں حصہ لیا جس کے نتیجے میں 17 دہشت گرد مارے گئے اور 95 کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں 2636 کمانڈوز نے حصہ لیا اور ان کے قبضے سے خودکش دھماکوں میں استعمال ہونے والی جیکٹس، بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد و ہتھیار کے علاوہ چوری کی گاڑیاں وغیرہ بھی برآمد کی گئیں۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایس ایس یو کے کمانڈوز بشمول خواتین کمانڈوز نے بلدیاتی انتخابات کے دوران حساس مقامات پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے اپنے فرائض انجام دیئے جبکہ کراچی شہر میں انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی۔

(جاری ہے)

اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز نے سال 2015ء کے دوران حضرت امام حسین  کے یوم شہادت، چپ تازیہ اور چہلم کے علاوہ 12 ربیع الاول کے موقع پر ریلیوں، جلوسوں اور مذہبی تقریبات کو موٴثر انداز میں تحفظ فراہم کیا۔ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیو اے ٹی) ٹیم قائم کردی گئی ہے جس میں شامل کمانڈوز اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کے حامل ہیں اور وہ دنیا کے کسی بھی پولیس یونٹ سے کم تربیت یافتہ نہیں ہیں۔

اسپیشل سیکیورٹی یونٹ خواتین کمانڈوز سمیت تقریباً 2000 کمانڈوز پر مشتمل ہے۔ افواج پاکستان کی جانب سے ایس ایس یو کے کمانڈوز کو 2015ء سال کے دوران مختلف پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئیں جس میں ہیلی بورن کورس بمقام ہیڈ کوارٹر ایس ایس جی تربیلہ، ایمفییس ٹیکٹیکل واٹر مین شپ کورس موسیٰ کمپنی ایس ایس جی منگلہ اور انسداد دہشت گردی اسکول سملی اسلام آباد شامل ہیں۔

ایس ایس یو کے 02 (S.W.A.T) کمانڈوز نارتھ کیرولینا امریکہ سے شارپ شوٹر آبزرور کورس مکمل کرکے واپس آچکے ہیں۔ ایس ایس یو نے ہوسٹائل انوائرنمنٹ اوےئرنیس ٹریننگ پروگرام آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع کیا ہے جس کے ذریعے موجودہ سال 2165 سے زائد مختلف سرکاری ونجی اداروں، اسکولوں، کالجوں سے تعلق رکھنے والے افسران، ملازمین، اساتذہ، طالبعلم، صحافیوں وغیرہ کو اچانک ہنگامی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں بہتر انداز میں نمٹنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان میں ایس ایس یو کی جانب سے انٹرنیشل پولیس ایسوسی ایشن (آئی پی اے) کے تعاون سے شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں نشانہ بازی کے مقابلے منعقد کئے گئے۔ سال 2015ء کے دوران ایس ایس یو کے کمانڈوز نے حساس مقامات و اہم شخصیات کی حفاظت کو موٴثر انداز میں سرانجام دیا۔ ایس ایس یو کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق عوام کا اعتماد بحال کرنے اور یکجہتی کے لئے مختلف مواقعوں پر کراچی شہر میں فلیگ مارچ بھی کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :