عالمی شہرت یافتہ مایہ ناز طبعیات دان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم انتقال کر گئے

جمعہ 1 جنوری 2016 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء) عالمی شہرت یافتہ مایہ ناز طبعیات دان اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسرایمریطس ڈاکٹر محمد سلیم انتقال کر گئے۔ ان کی عمر بیاسی برس تھی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار ہائی انرجی فزکس کے بانی تھے اور متعدد تحقیقی مقالہ جات اور کتابوں کے مصنف تھے۔

ڈاکٹر محمد سلیم وہ پہلے مسلمان طبعیات دان تھے جو انسٹی ٹیوٹ آف بیسک ریسرچ کیمبرج کی جانب سے شائع کئے جانے والے معروف بین الاقوامی سائنسی جریدے ہیڈرونک جرنل کے ایڈیٹوریل بورڈ کے ممبر بنے۔ ان کی نمازِ جنازہ یونیورسٹی لاء کالج گراوٗنڈ میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نوید اے ملک، لاہور گیریژن یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل، مختلف فیکلٹیوں کے ڈینز، صدور شعبہ جات، اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین، سینئر فیکلٹی ممبران اور ان کے شاگردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ڈاکٹر محمد سلیم کے انتقال سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ہم سب ایک بہترین طبعیات دان اور استاد سے محروم ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر سلیم اپنے مضمون پر حاوی تھے اور بہترین استاد تھے۔ وہ ایک نظریاتی انسانی تھے اور یونیورسٹی میں نظریاتی کشمکش کے زمانے میں انہوں نے اپنا کلیدی کردار ادا کیا اور اساتذہ کو منظم کیا۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ ڈاکٹر محمد سلیم میں بہترین تخلیقی صلاحیتیں تھی اور انہوں نے تحقیق کا سلسلہ شروع کیا اور بین الاقوامی سطح پر ان کی تحقیق کو پذیرائی ملی۔ بعد ازاں انہیں یونیورسٹی قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔