اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شعبان خالد نے سال 2016کیلئے کائی ایشیاء کے صدر کا چارج سنبھال لیا

جمعہ 1 جنوری 2016 19:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈ سٹری کے سابق صدر اور ینگ انٹرپرینورزفورم کے چیئرمین شعبان خالد نے یکم جنوری سے سال برائے 2016کیلئے کامن ویلتھ ا لائنس آف ینگ انٹرپرینورز ایشیاء ( کائی ایشیاء ) کے صدر کا چارج سنبھال لیا۔ ان کو ملائیشیا کے شہر پتراجایا میں 30 اکتوبرتا یکم نومبر2015 کومنعقد ہونے والے کائی ایشیاء کے چوتھے سالانہ اجلاس میں متفقہ طور پر سال 2016کیلئے تنظیم کا صدر منتخب کیا گیا تھا ۔

کائی ایشیاء کا آئندہ سالانہ اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس کی میزبانی اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ینگ انٹرپرینورز فورم کرے گا۔ کامن ویلتھ ا لائنس آف ینگ انٹرپرینورز ایشیا کے صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شعبان خالد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کائی ایشیاء کے رکن ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے اور ان ممالک میں پاکستان کے اقتصادی مفادات کو پروان چڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ کائی ایشیاء رکن ممالک کے نوجوان انٹرپرینور کے مابین مضبوط روابط استوار کرنے کے لئے کوششیں تیز کریں گے تاکہ نوجوان تاجر برادری علاقائی تجارت کو بہتر کرنے میں مثبت کردار ادا کر سکے۔شعبان خالد کو کائی ایشیاء کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ان کا اس تنظیم کا صدر منتخب ہونا پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اس پلیٹ فارم سے کائی ایشیاء رکن ممالک میں پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدی منصوبہ پر عمل درآمد سے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شعبان خالد بطور صدر کائی ایشیاء رکن ممالک کے نوجوان سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرزقائم کرنے کی طرف راغب کرنے کی کوشش کریں گے۔

کامن ویلتھ الائنس آف ینگ انٹرپرینورز ایشیاء کا قیام دولت مشترکہ کے آٹھ ایشائی ممالک کے تعاون سے2011 میں عمل میں آیا تھا جن میں برونئی، بنگلہ دیش، انڈیا، پاکستان، ملائیشیا، مالدیپ، سنگا پور اور سری لنکا شامل ہیں اب نیپال اس الائنس میں مبصر کی حیثیت سے شامل ہو چکا ہے اور اس کے کردار اورماڈل کو Caribbean (کریبین) اور مشرقی افریقہ کے ممالک میں بھی اپنایا جا رہا ہے۔

کائی ایشیاء رکن ممالک کے نوجوان انٹر پرینورز ہر سال سالانہ اجلاس میں اکٹھے ہوتے ہیں جہاں وہ آپس میں کاروبار سے متعلقہ امور پر آئیڈیاز کا تبادلہ کرتے ہیں، آپس کے روابط بڑھاتے ہیں، رکن ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے ممکنہ مواقعوں پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرتے ہیں ۔ اپنے قیام سے اب تک کائی ایشیاء اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے رکن ممالک میں اپنا ایک نمایاں مقام حاصل چکا ہے اور یہ فورم رکن ممالک میں نوجوان طبقے کو کاروبار کی طرف مائل کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :