اے این ایف نے دو بڑی کاروائیوں کے دوران ساڑھے نوٹن منشیات برآمدکرلی

برآمد شدہ منشیات میں7.8ٹن افیون اور 1.6 ٹن ایمفیٹامین شامل ہے

جمعہ 1 جنوری 2016 19:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء) اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداﷲ اورپشین میں خفیہ اطلاعات پر مبنی 2مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے 7.8ٹن افیون اور1.67ٹن ایمفیٹامین قبضے میں لے لی۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے ضلع کلہ عبداﷲ کی تحصیل مسلم باغ کے علاقے کلی شیردل خان کے علاقے میں واقع ایک غیرآباد مقام پر چھاپہ مارکر ذخیرہ کی گئی 4313کلوگرام افیون اور 1672کلوگرام ایمفیٹامین قبضے میں لے لی۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ ، اے این ایف کوئٹہ نے ایک اور کاروائی کے دوران ضلع پشین کی تحصیل بارشورکے علاقے سردار کمال خان کے ایک ویران مقام افیون کی 3489کلوگرام وزنی کھیپ قبضے میں لے لی۔ منشیات کی دونوں کھیپیں آبادی سے دور غیرآباد مقامات پر ذخیرہ کی گئی تھیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق، منشیات کی یہ کھیپیں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دیگر گروہ کے حوالے کیے جانے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھیں ، جو بعد ازاں بلوچستان کے ساحلی مقام پر منتقل کئے جانے کے بعد براستہ سمندر بیرون ملک اسمگل کی جانی تھیں ۔دونوں مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :