کوئٹہ، جمہوری ملک کی ترقی و بقاء کا دارو مدار ملک کے انتخابی طریقہ کار کی شفافیت پر منحصر ہوتا ہے،ڈسٹرکٹ کوآرڈنیٹر چینج تھرو امپاور منٹ پراجیکٹ

جمعہ 1 جنوری 2016 19:01

قلعہ سیف اﷲ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) جمہوری ملک کی ترقی و بقا کا دارو مدار اس ملک کے انتخابی طریقہ کار کی شفافیت پر منحصر ہوتا ہے۔ انتخابی عمل جس قدر شفاف اور موثر ہوگا نمائندوں کا چناؤ بھی عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہو گا اور وہ منتخب نمائندے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان باتوں کا اظہار چینج تھرو امپاورمنٹ پروجیکٹ کے ڈسٹرکٹ کو آرڈنیٹر جمال خان کاکڑ اور ڈپٹی کنوینیئر امجد خان جوگیزئی کی۔

ضلعی امتخابی اصلاحات کے ارکان نے کہا چونکہ کسی بھی جمہوری ملک کی بقا اس کے منتخب شدہ نمائندے کی کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے اس لئے ان نمائندوں کے انتخاب کا طریقہ کار نہایت ہی شفاف اور مؤثر ہونا چاہیے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر موجودہ ملکی حالات کا موازنہ کرنے سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ ملکی حالات میں بہتری کیلئے شفاف انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے اور ایسے وقت میں انتخابی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اسی ضرورت کے پیش نظر چینج تھرو امپاورمنٹ نے ضلعی سطح پر عوام میں انتخابی اصلاحات کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے ترتیب دئیے گئے پروجیکٹ کے تحت مختلف شراکت داروں کے ساتھ میٹینگز منعقد کی گئیں جن کے دورون انہیں انتخابی عمل و طریقہ کار کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مجوزہ ترمیم و اصلاحات کے بارے میں میں بھی آگاہ کیا گیا جبکہ اس شراکت داروں میں ضلع کی سرگرم سیاسی تنظیموں کے عہدیداران کے ساتھ میٹینگز قابل ذکر ہیں ان میٹینگز کے دوران عہدیداران میں انتخابی اصلاحات کے بارے میں شعور و آگاہی پیدا کی گئی جبکہ ان کی رائے و سفارشات کو بھی زیر غور لایا گیا اور مشترکہ طور پر اس بات پر متفق ہوئے کہ انتخابی اصلاحات پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

تاکہ آنے والے وقتوں میں ہونے والے انتخابات میں عوام اپنے من پسند نمائندے آزادانہ حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے چن سکیں اور ملک کی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔ضلع کے عوام میں انتخابی اصلاحات کے بار ے میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے چینج تھرو امپاورمنٹ نے ضلعی انتخابی اصلاحات گروپ کے ارکان کی مدد سے مختلف تقریبات بھی ترتیب دی گئیں جن میں پبلک سیمینار اور پبلک فورم قابل ذکر سرگرمیاں تھیں جن میں عام کی کثیر تعدادنے شرکت کی اور ان اصلاحات کے حق میں رضا مندی کے اظہار کے طور پر پبلک پیٹیشن پر دستخط بھی کئے۔

لہٰذا حکومت وقت سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کو زیر غور لائے اور ان پر جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے تاکہ آنے والے انتخابات میں عوام صحیح معنوں میں اپنی حق رائے دہی استعمال کر کے اپنے من پسند لوگوں کا چناؤ کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :