بد عنوانی ایک لعنت ہے ٗ روک تھام کیلئے نو جوان اور خواتین اپنا مرکزی کردار ادا کریں ٗعالیہ رشید

عالیہ رشید نے پیمرا، ایس ای سی پی، فاطمہ جناح یونیورسٹی اور گلوبل انٹرنیشنل سکول اسلام آباد میں بدعنوانی کے خلاف لیکچر دیئے

جمعہ 1 جنوری 2016 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء)قومی احتساب بیورو کے شعبہ آگاہی و انسداد ڈویژن کی ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے کہا ہے کہ بد عنوانی ایک لعنت ہے ٗ روک تھام کیلئے نو جوان اور خواتین اپنا مرکزی کردار ادا کریں ۔ وہ قومی احتساب بیورو کے شعبہ آگاہی و انسداد ڈویژن کی ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سٹوڈنٹس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے یہ دورہ احتساب بیورو کی سرکاری اداروں اورمعاشرے سے کرپشن کے خاتمے اور بدعنوانیوں کے خلاف مہم کی حمایت کیلئے کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے نیوی اور پاک فضائیہ کے افسران کے بچوں اور بیگمات کو بھی بدعنوانی سے آگاہی کے سلسلے میں لیکچر دیئے۔ ان لیکچرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ اور افسران کی بیگمات نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل عالیہ رشید نے پیمرا، ایس ای سی پی، فاطمہ جناح یونیورسٹی اور گلوبل انٹرنیشنل سکول اسلام آباد میں بھی بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی کیلئے لیکچر دیئے ہیں جس میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

انہوں نے یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کو کرپشن کی مختلف اقسام اور نیب کی طرف سے مختلف قانون سازی کے ذریعے کرپشن اور بدعنوانیوں کی روک تھام کی کوششوں، بیداری مہم اور کرپشن کی روک تھام کی تکنیک کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈی جی نیب نے بتایا کہ پاکستان یوٹیلیٹی بلوں، ڈرائیونگ لائسنسوں اور سرکاری خط وکتابت پر ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام استعمال کرنے والے ممالک میں سر فہرست جبکہ ڈاک ٹکٹ پر ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کا پیغام متعارف کروانے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔

ڈی جی نیب نے خواتین اور نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہتر اور روشن مستقبل کیلئے اپنے خاندان کے لوگوں کو کرپشن اور بدعنوانی سے روکنے میں اپنا عملی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے کہانی کی کتاب ’’گوگی سے نوٹو کرپشن‘‘ شائع کی گئی ہے جس کا مقصد بچوں کو بچپن سے ہی بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنا ہے۔