وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس ٗپاکستانی ویزہ کے حصول کو مکمل طور پر کمپوٹرائزڈ کر نے کی ہدایت

نادراآئی این جی اوز کا ڈیٹا بنک بنانے اور اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رکھے ٗ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ، ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے واضح پالیسی اور طریقہ کار مرتب کیا جائے ٗچوہدری نثار علی خان کااجلاس سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی کہ پاکستانی ویزہ کے حصول کو مکمل طور پر کمپوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ سابقہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا جائے ٗ نادراآئی این جی اوز کا ڈیٹا بنک بنانے اور اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رکھے ٗ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ، ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے واضح پالیسی اور طریقہ کار مرتب کیا جائے۔

جمعہ کو یہاں وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں این سی نیکٹا، چیئرمین نادرا، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے ۔اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ ڈی پورٹیز کے حوالے سے ایس او پیز کو حتمی شکل دینے ٗانٹرنیشنل این جی اوز کی رجسٹریشن پر پیش رفت ، کمپیوٹرائزڈ ویزا رجیم ،نیکٹا کی فعالی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات اور پولیس ٗایف سی اور ایف آئی اے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کومالی انعامات دینے کے حوالے سے طریقہ کار تشکیل دینے پر بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزارت داخلہ کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈی پورٹیز کے حوالے سے مختلف ممالک کیساتھ وضع کی جانے والی پالیسی میں وہاں سے ڈی پورٹ کئے جانے کی وجوہات اور ڈی پورٹیز کی نوعیت کو ملحوظِ خاطر کر ایس او پیز کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ نادراآئی این جی اوز کا ڈیٹا بنک بنانے اور اسے اپ ڈیٹ کرنے کا عمل جاری رکھے تاکہ جہاں ان این جی اوز کا مکمل ریکارڈ اور کوائف موجود ہوں وہاں منظوری حاصل کرنے والی این جی اوز کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کی جاسکیں اور ان کے کام کو مزید آسان بنایا جا سکے۔

وزیرداخلہ نے ہدایت کی کہ پاکستانی ویزہ کے حصول کو مکمل طور پر کمپوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سابقہ ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ کیا جائے ۔اجلاس کے دور ان نیکٹا کی فعالی کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ وزیرداخلہ نے ایف آئی اے کو اگلے ہفتے انسانی سمگلرز کے خلاف جاری مہم میں پیش رفت اور گرفتار شدگان کے خلاف کی گئی قانونی کاروائی پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ، ایف سی اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کو کیش انعامات دینے کے حوالے سے واضح پالیسی اور طریقہ کار مرتب کیا جائے تاکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کی مناسب حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔