پاکستان کو پولیو فری بنانے میں ہم سب کو انفرادی ،اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، سقراط امان رانا

گزشتہ پولیو مہم کی بہتر کارکردگی پر تمام افسران و اہلکار،تاجر،صحافی،علماء مشائخ ، سول سوسائٹی اور این جی اوز مبارکباد کی مستحق ہیں، ڈی سی او اوکاڑہ

جمعہ 1 جنوری 2016 18:45

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء ) ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن آفیسر سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے میں ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہے ضلع میں گذشتہ پولیو مہم کی بہتر کارکردگی پر تمام افسران و اہلکار،تاجر،صحافی،علماء مشائخ ، سول سوسائٹی اور این جی اوز مبارک باد کے مستحق ہیں۔

اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ضلع اوکاڑہ پولیوفری ہے ہمیں پولیو کے مرض کے خاتمہ کے لئے اپنی کوششوں کو پوری لگن اورجوش سے جاری رکھنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ای ڈی او ہیلتھ جاوید گورایہ سمیت کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی سقراط رانا نے کہا کہ پلولیو مہم کے لئے ہر محکمہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرز پر چیک لسٹ بنائے پولیو مہم میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو متحرک کرنے کے لئے اساتذہ کرام ، صحافیوں،علماء مشائخ، تاجروں،این جی او اور معاشرہ کے صاحب الرائے لوگوں کو آگے لایا جائے کیوں کہ پولیو کے تدارک کے لئے اجتماعی کاوشیں بہتر نتائج دے سکتی ہیں انہوں نے ہدایات کی کہ سکولوں میں جانے والی محکمہ صحت کی ٹیموں کے نام اور تصاویر متعلقہ سکولوں کو بھجوائی جائیں تا کہ کسی غیر متوقع صورت حال سے بچا جا سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایات کی کہ وہ بچوں کے والدین کے ساتھ ہونے والی میٹنگز میں والدین کو پولیو کے تدارک کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے آگا ہ کریں اور انہیں اس مہم میں شامل ہونے کی ترغیب دیں والدین اپنے بچوں کو پولیو کے وائرس کے خاتمہ کی ویکسین پلانے کے ساتھ ساتھ ارد گرد بھی اس سلسلہ میں آگاہی دیں۔ سقراط امان رانا نے محکمہ تعلیم کے افسران کو پولیو کے وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بننے والے عوامل، اس کے خاتمہ کے لئے تدابیر،اقدامات اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات اور ایکشن پلان سے متعلق مضامین کو سکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کے لئے اقدامات کی بھی ہدایت کی ۔