پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کی قیمتوں کے مطابق کم کی جائیں، پاسبان

پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت نئے سال کی پہلی شب میں فائیواسٹار چورنگی ، نارتھ ناظم آبادپر احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 1 جنوری 2016 18:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) پاسبان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت نئے سال2016 کی پہلی شب میں فائیواسٹار چورنگی ، نارتھ ناظم آبادپر پٹرول کی قیمتوں کے معاملے میں حکومت کی عوام کے ساتھ زیادتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس موقع پر پاسبان پاکستان کے نائب صدر اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے آرگنائزر عبدالحاکم قائد، سینئر رہنما رانا عرفان ، خالد درانی ، محمد صادق، محمد عثمان، پرویز مسیح ودیگر بھی موجود تھے ۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرول کی قیمتیں برقرار رکھ کر عوام کو دھوکا دیا ہے جبکہ حقیقت یہ کہ اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں کم ترین سطح پر ہیں جس کا فائدہ حکومت عوام کو نہیں پہنچارہی ہے جبکہ بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مار رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عالمی منڈی میں تیل کی موجودہ قیمتوں کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں 2008-09کی سطح پر ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ نئے سال 2016 کی پہلی شب سے پاسبان نے عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔نئے سال 2016کو خوش آمدید کہنے کیلئے فائیو اسٹارچورنگی پر ہزاروں کی تعداد میں جمع ہونے والے شہریوں نے جب پاسبان کے مظاہرے کو دیکھا تو پاسبان کے موقف کو سراہا اور خوشی کا اظہار کیا۔ پاسبان رہنماؤں ، کارکنوں اور شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے برابر لاکر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنے کا عمل بندکیا جائے۔