اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم قائم کردی گئی

جمعہ 1 جنوری 2016 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس میں پہلی مرتبہ اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم قائم کردی گئی ہے جس میں شامل کمانڈوز اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کے حامل ہیں اور وہ دنیا کے کسی بھی پولیس یونٹ سے کم تربیت یافتہ نہیں ہیں۔ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ خواتین کمانڈوز سمیت تقریباً 2000 کمانڈوز پرمشتمل ہے۔

افواج پاکستان کی جانب سے ایس ایس یو کے کمانڈوز کو موجودہ سال کے دوران مختلف پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی گئیں جس میں ہیلی بورن کورس بمقام ہیڈ کوارٹرایس ایس جی تربیلا ، ایمفیےس ٹیکٹیکل واٹر مین شپ کورس موسیٰ کمپنی ایس ایس جی منگلا اورانسداد دہشتگردی اسکول سملی اسلام آبادشامل ہیں۔اس کے علاوہ پاک فوج کے ٹرینر نے ایس ایس یو کے کمانڈوز کو کثیرالمقاصددور مار کرنے والے ہتھیاروں 12.7 اینٹی ایئر کرافٹ گن کے استعمال سے متعلق ایس ایس یو کے ہیڈ کوارٹر میں تربیت فراہم کی ۔

(جاری ہے)

یہ ہتھیارباآسانی دہشت گردوں کے ٹھکانوں ، بنکرز وغیرہ جیسی کمین گاہوں کو دور سے باآسانی نشانہ بنا سکتے ہیں۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایس ایس یو کے 02 کمانڈوز نارتھ کیرولینا امریکہ سے شارپ شوٹر آبزرور کورس مکمل کرکے واپس آچکے ہیں۔ایس ایس یو نے ہوسٹائل انوائرنمنٹ اویئرنیس ٹریننگ پروگرام آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع کیا ہے جس کے ذریعے موجودہ سال 2165سے زائد مختلف سرکاری ونجی اداروں، اسکولوں، کالجوں سے تعلق رکھنے والے افسران ، ملازمین ، اساتذہ، طالبعلم، صحافیوں وغیرہ کو اچانک ہنگامی صورت حال پیدا ہونے کی صورت میں بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ ایس ایس یو کی جانب سے انٹرنیشنل پولیس ایسوسی ایشن کے تعاون سے شہید بینظیر بھٹو ایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں نشانہ بازی کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ سال 2015 کے دوران SSU کے کمانڈوزنے حساس مقامات واہم شخصیات کی حفاظت کو مؤثر انداز میں سرانجام دیا جس کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا۔ایس ایس یو کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق عوام کا اعتماد بحال کرنے اور یکجہتی کے لیے مختلف موقعوں پر کراچی شہر میں فلیگ مارچ بھی کیے گئے.

متعلقہ عنوان :