ریاستی مسائل سے کسی کو کوئی سروکار نہیں،جو بھی برسر ِاقتدار آتا ہے وہ مال بناؤ کے نظریات پر کاربند رہتا ہے‘پی آر پی ہی عوامی مسائل حل کرے گی‘عوامی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے ،تعمیر و ترقی اور میرٹ کے جھوٹے نعروں سے اب عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا

جموں و کشمیر پبلک رائٹس پارٹی کے سربراہ عثمان حیدر سونی کی عوامی وفود سے بات چیت

جمعہ 1 جنوری 2016 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء) جموں و کشمیر پبلک رائٹس پارٹی کے سربراہ عثمان حیدر سونی نے کہا ہے کہ ریاستی مسائل سے کسی کو کوئی سروکار نہیں،جو بھی برسر ِاقتدار آتا ہے وہ مال بناؤ کے نظریات پر کاربند رہتا ہے،پی آر پی ہی عوامی مسائل حل کرے گی،عوامی شعور کی بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے ،تعمیر و ترقی اور میرٹ کے جھوٹے نعروں سے اب عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا،پی آر پی میں سب نئے لوگ ہیں اور نیا عزم لے کر موجودہ کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لیے میدانِ عمل میں ہیں ،عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ اسمبلی کو نا اہل لو گوں سے با زیاب کروایا جائے،ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے اسلام آباد میں آزاد کشمیر سے آنے والے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اُنھوں نے کہاآزاد ریاست میں جو بھی حکمران بن کر آیا اُس نے جھوٹی تقریروں سے قوم کو بے وقوف بنایا اور اپنی مکارنہ چالوں سے اپنے اور اپنے لواحقین و عزیز و اقار ب کو نوازہ ،پی پی پی ،ایم سی اور نون لیگ کے تمام نام نہاد نمائندے ایک دوسرے کے قریبی ساتھی ہیں صرف عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے اخبارات میں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور جھوٹی تقریریں کر کے عوام کو ایک دوسرے کا دُشمن بناکر اپنی سیاسی دُکان چمکاتے ہیں،پبلک رائٹس پارٹی تمام مفاد پرستوں کے خلاف سرِ عام عَلمِ بغاوت بلند کرتی ہے اور ہم کرپٹ حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے،مظفر آباد اسمبلی میں بیٹھنے والے کرپٹ لوگ کشمیر کی آزادی سے بھی مخلص نہیں ہیں ،کشمیر کی آزادی کے نعرے لگا کر اربوں ہضم کر نے والے حکمران جھوٹے و مکار ہیں ،اِن مفاد پرستوں کی وجہ سے انصاف کا حصول ایک غریب فرد کی پہنچ سے دور ہو گیا ہے، آمدہ الیکشن میں آزاد کشمیر کے ہر حلقہ میں پی آر پی کے زندہ دِ ل جوان کرپٹ لوگوں کا مقابلہ کریں گے،قوم ان مداریوں کی چالوں میں نہ آئے بلکہ آزاد خطہ کی خوشحالی کے لیے پی آر پی میں شامل ہو کر کرپٹ لوگوں کے کرپٹ نظام سے بغاوت کریں ،ہر فرد کو انصاف اُس کی دہلیز پر مہیا کرنا پی آر پی کے مقاصد میں شامل ہے،انصاف سب کے ساتھ اور خوشحال کشمیر کا نظریہ لے کر جہاں ہم آزاد خطہ کے مسائل کے خاتمے کے لیے برسرِ پیکار ہیں وہاں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے بھی سر گرم عمل ہیں ۔