وزیراعظم تاجروں کے لیڈر ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ تاجروں اور حکومت کے درمیان فاصلے ختم ہوں،ایف بی آر تاجروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرے گا، رضاکارانہ ٹیکس سکیم کی پارلیمینٹ سے منظوری لیں گے

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کارضاکارانہ ٹیکس سکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف تاجروں کے لیڈر ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ تاجروں اور حکومت کے درمیان فاصلے ختم ہوں،ایف بی آر تاجروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرے گا، رضاکارانہ ٹیکس سکیم کی پارلیمینٹ سے منظوری لیں گے۔ وہ جمعہ کو رضاکارانہ ٹیکس سکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی میں ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے تاجروں کیلئے فیصلے کئے ہیں اور سرمایہ کاروں کیلئے خوف کی فضاء کو ختم کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر تاجروں کے ساتھ درجنوں میٹنگز ہوئیں اور خوش اسلوبی سے تمام معاملات حل کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس چوری ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ٹیکس سکیم سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو گا اور آنے والے وقت میں ٹیکس نظام میں مزید بہتری لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم کا وڑن تھا کہ تاجروں اور حکومت کے درمیان دوریاں ختم ہونی چاہئیں،رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کامیابی کی مثال ہے۔