ملک کے اندرونی و بیرونی معاملات کو بات چیت سے حل کریں گے‘ پڑوسی ملکوں سے تعلقات بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں‘ معیشت اور افواج مضبوط ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا‘ تاجروں کے مسائل حل ہونے پر خوشی ہے، مل جل کر کام کرنے کا جذبہ ہی پاکستان کو ترقی کی منزلوں کی جانب لے جائے گا، ایف بی آر سے کہہ دیا ہے کہ آپ کے کسی بھی فیصلے سے کسی کو تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے‘ ملک نے پچھلے ڈھائی سالوں میں بہت کچھ حاصل کیا ، کراچی کا امن پورے پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے، حالات مزید بہتر کریں گے

وزیراعظم نواز شریف کا رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب

جمعہ 1 جنوری 2016 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جنوری۔2016ء ) وزیراعظم نواز شریف نے سال نو کے موقع پر ہمسائیوں سے بہتر تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے اندرونی و بیرونی معاملات کو بات چیت سے حل کریں گے‘ پڑوسی ملکوں سے تعلقات بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں‘ معیشت اور افواج مضبوط ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا‘ تاجروں کے مسائل حل ہونے پر خوشی ہے، مل جل کر کام کرنے کا جذبہ ہی پاکستان کو ترقی کی منزلوں کی جانب لے جائے گا، ایف بی آر سے کہہ دیا ہے کہ آپ کے کسی بھی فیصلے سے کسی کو تکلیف نہیں پہنچنی چاہئے‘ ملک نے پچھلے ڈھائی سالوں میں بہت کچھ حاصل کیا ہے، کراچی کا امن پورے پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے، حالات مزید بہتر کریں گے اس موقع پر تاجروں کی جانب سے وزیراعظم کو گولڈ میڈل بھی پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ ایک اہم مسئلہ خوش اسلوبی اور اتفاق رائے سے طے کرلیا گیا ہے جس کیلئے میں اسحاق ڈار، خواجہ محمد شفیق، نعیم میر ، محمد اسحاق خان اور ہارون اختر کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے مسئلے کا حل ہوا اور پیار و محبت کے جذبے کے ساتھ ہم سب یہاں بیٹھے ہیں، اس ماحول کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہی جذبہ پاکستان کو خوشحالی کی منزلوں کی طرف رواں دواں کرے گا۔

یہی جذبہ ہمیں آگے لے کر چلے گا اورپاکستان کو مسائل سے باہر نکالے گا، اور غربت کے خاتمے کا باعث بنے گا، دہشت گردی کے خاتمے کا باعث بنے گا، شہروں کو خوشحال بنائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کو اتفاق رائے اور مشاورت سے طے کیا جائے کیونکہ اس سے بہتر اور کچھ نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس شہر کے حالات ماضی سے بہت بہتر ہیں اور مزید بہتری بھی لائیں گے کیونکہ پورے ملک کا امن کراچی سے مشروط ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ہر شعبے میں آگے بڑھے ہیں، دہشت گردی، بجلی، گیس، صحت، سڑکوں اور موٹروے کے معاملات میں بہت پیش رفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات، افغانستان، بھارت کے ساتھ معاملات کو بھی آگے بڑھانا ہے اور پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی معاملات کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت مضبوط ہونی چاہئے کیونکہ جس ملک کی معیشت مضبوط ہوتی ہے اس کی افواج مضبوط ہوتی ہیں اور وہاں خوشحالی ہوتی ہے، ناخواندگی نہیں ہوتی اور تمام معالات درست چلتے ہیں، دہشت گردی بھی پاؤں جمانے کا سوچ نہیں سکتی اور اگر کوئی ملک اندرونی طور پر خستہ حال اور کمزور ہو تو پھر کوئی بھی پہلو ٹھیک نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ ن نے جب حکومت کی باگ دوڑ سنبھالی تو تمام چیلنجز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔

ٹیکس کی شرح کو اتنا نیچے لائیں گے کہ ہر کوئی خوشی سے ٹیکس ادا کر سکے گا، ایسا کر کے لوگوں میں جذبہ حب الوطنی ابھارنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام لوگ ٹیکس ادا کر کے پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے مدد کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو جان کرخوشی ہو گی کہ ایل این جی پر بجلی کے کارخانوں پر 100 ارب روپے رکھے گئے تھے لیکن 60 ارب روپے میں لگا رہے ہیں اور شفافیت کے باعث 40 ارب روپیہ بچایا ہے۔ آپ کی حکومت اس فرض کو پوری طرح سے ادا کر رہی ہے اور قوم کے ایک ایک پیسے کو امانت سمجھتے ہیں اس میں خیات کا سوچ بھی نہیں سکتے اس لئے اللہ بھی برکت ڈال رہا ہے کیونکہ حکومت خلوص کے ساتھ تمام کام کر رہی ہے۔