خواتین پیکج2016 میں خواتین کی معاشی خود اختیاری اور سماجی وقانونی تحفظ کیلئے مزید اقدامات کئے جائینگے‘ حمیدہ وحید الدین

جمعہ 1 جنوری 2016 15:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء )وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ خواتین پیکج2016 میں خواتین کی معاشی خود اختیاری اور سماجی وقانونی تحفظ کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔وہ یہاں سیکرٹری آفس میں وویمن پیکج2016 کے لئے قائم خصوصی عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری ڈاکٹر آمنہ،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سلمان صوفی کے علاوہ سوشل ویلفیئر،فسٹ وویمن بینک اور دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر آمنہ نے اجلاس کو وویمن پیکج2014 پر عملدرآمد کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔حمید وحید الدین نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وویمن پیکچز کے تحت ملکی آبادی کے 52 فیصد حصے کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے عملی طور پر حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے اجلاس کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتے میں خواتین پیکج کے لئے اپنی تجاویز اور شفارشات مرتب کرکے بھجوائیں۔