مہاجرین کی آمد ملکی معشیت میں بہتری کے علاوہ معاشرتی سطح پر بھی فائدہ مند ہو گی ، انجیلا مرکل

جمعہ 1 جنوری 2016 12:20

برلن ۔ یکم جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جنوری۔2016ء) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ مہاجرین کی آمد ملکی معشیت میں بہتری کے علاوہ معاشرتی سطح پر بھی فائدہ مند ہو گی ۔

(جاری ہے)

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق جرمن عوام کے نام نئے سال کے اپنے روایتی پیغام میں انہوں نے اعتراف کیا کہ مہاجرین کے جرمن معاشرے میں انضمام کے لیے وقت درکار ہو گا اور اس کے لیے ہمت اور رقوم بھی چاہیے ہوں گی تاہم انہوں نے کہا کہ جرمنی اتنا مضبوط ہے کہ وہ اس مسئلے سے نمٹ لے گا۔

انہوں نے ملک میں بے روزگاری کی کم شرح اور بڑھتی ہوئی اجرتوں کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے بہتر انضمام کے نتیجے میں ملک کو ہر حوالے سے فائدہ ہی ہو گا۔ انہوں نے جرمن عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بحران میں متحد رہیں اور حوصلے کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقیت ہے کہ ہمیں ایک مشکل وقت کا سامنا ہے تاہم یہ بھی سچ ہے کہ ہم سرخرو ہو جائیں گے کیونکہ جرمنی ایک مضبوط ملک ہے۔