مودی کی لاہور آمد دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی فضا کو بہتر بنانے کی کڑی ہے،رانا ثناء الله

کشمیر سمیت دیگرمسائل کے حل کے لئے مذاکرات میں پیش رفت ہو گی، 2017 ء کے آخر تک پاکستان میں انرجی بحران پر قابو پا لیا جائے گا ۔ کراچی سمیت دیگر ملکی مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنی جمہوری اور آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، صحافیوں سے گفتگو

اتوار 27 دسمبر 2015 15:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 دسمبر۔2015ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی لاہور آمد دونوں ممالک کے مابین اعتماد کی فضا کو بہتر بنانے کی کڑی ہے جس سے کشمیر سمیت دیگرمسائل کے حل کے لئے مذاکرات میں پیش رفت ہو گی ، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں اور انشاالله 2017 ء کے آخر تک پاکستان میں انرجی بحران پر قابو پا لیا جائے گا ۔

کراچی سمیت دیگر ملکی مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنی جمہوری اور آئینی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف مارچ میں فیصل آباد آئیں گے، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب تیز رفتار اور پائیدار ترقی کے لئے ذرائع مواصلات کو وسیع و جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اس سلسلے میں اربوں روپے کی لاگت سے سڑکوں و پلوں کے متعدد میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے جن میں 8 ۔

(جاری ہے)

ارب روپے کی لاگت سے 25 کلومیٹر دو رویہ فیصل آباد کینال ایکسپریس وے کی تعمیر بھی شامل ہے جسکی تکمیل سے ایک نئے اور ترقی یافتہ فیصل آباد کا نقشہ ابھرے گا جو فیصل آباد کے شہریوں کے لئے وزیر اعلی کا اہم ترقیاتی تحفہ ہے جس سے علاقہ میں سماجی و معاشی انقلاب برپا ہو گا ، ان خیالات کااظہار انہوں نے کینال ایکسپریس وے کے تعمیراتی معیار اور رفتار کا معائنہ کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے فیصل آباد کی جدید ترقی کے لئے 35۔ ارب روپے سے زائد فنڈز فراہم کئے ہیں جن کی بدولت شہریوں کو مواصلات ‘ تعلیم و صحت اور دیگر شعبوں میں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ سہولیات میسر آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کینال ایکسپریس وے فیصل آباد کا اکنامک کوریڈور ہے جس کی بدولت شہر کا براہ راست رابطہ موٹر وے سے منسلک ہو جائے گا اور یہ علاقہ صنعتی ‘ معاشی اور سماجی میدان میں تیزی سے ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس بڑے ترقیاتی منصوبے کو آئندہ مارچ تک مکمل کر لیں گے اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اسکا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ انہوں نے فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کے لئے موثر مانیٹرنگ اور بہتر ترقیاتی حکمت عملی پر ڈی سی او نور الامین مینگل کی کاوشوں کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ سعید اجمل اکیڈمی کا مسئلہ بھی افہام و تفہیم سے حل کر لیا جائے گا ۔

اس سے قبل بریفنگ دیتے ہوئے ڈی سی او نور الامین مینگل نے بتایا کہ کینال ایکسپریس وے کی18 کلومیر سڑکوں پر اسفالٹ بچھا دی گئی ہے جبکہ باقی سڑک پر بھی پتھر ڈال دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گٹ والا انڈر پاس کے دائیں جانب انڈر پاس اور ساہیانوالہ فلائی اوور مکمل کر لیا گیا ہے اور چک جھمرہ کھرڑیانوالہ فلائی اوور بھی آئندہ دس روز میں پائیہ تکمیل کو پہنچ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ساہیانوالہ کے قریب بروکے گاؤں کے مقامی شہریوں کے لئے منی انڈر پاس تعمیر کیا جارہا ہے تاکہ کینال ایکسپریس وے کی ٹریفک میں مداخلت نہ ہو۔