نیو ائیر نائٹ پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 26 دسمبر 2015 22:27

نیو ائیر نائٹ پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ..

فیصل آباد ۔26 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 دسمبر۔2015ء)نیو ائیر نائٹ پر اسلحہ کی نمائش ، آتش باز ی ، شوشرابہ ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ ، آر پی او فیصل آباد نے متعلقہ پولیس حکام کو موثر اقدامات اٹھانے اور فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔ ریجنل پو لیس آفیسر فیصل آباد محمد احسا ن طفیل نے سی پی او فیصل آباد ، ڈی پی او ز جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چینوٹ کو ہدایات میں کہا ہے کہ جامع سکیورٹی پلان مرتب کریں اور تمام ایس ایچ اوز کو بریف کریں کہ وہ دوران نیوائیر نائٹ موٹرسائیکل اور موبائل پٹرولنگ کو موثر بنانے کے لئے انہیں وقتاً فوقتاً چیک کریں۔

اس مقصد کے لئے مختلف چیکنگ پوائنٹس مقر ر کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے ،ہلڑبازوں اور ون ویلروں کے خلاف مقدمات کا اندراج عمل میں لایا جائے ۔شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔جرائم پیشہ افراد کی نقل وحرکت کو محدود کر نے کے لئے اہم چوراہوں اور گزر گاہوں پر ناکہ بندی پوائنٹس /پکٹ ڈیوٹی لگائی جائے ۔ مارکیٹوں عوامی اور تفریحی مقامات ، پارکوں اور ریسٹورنٹس پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

جہاں ضرورت ہو سفید پارچات اور لیڈی پولیس کو تعینات کیا جائے ۔ سی ٹی او فیصل آباد اور ایس پی ٹریفک رینج دوران نیوئیر نائٹ ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی پالان جا ری کریں۔ اہم عمارات اور حساس تنصیبات اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی ڈیوٹی کو وقتاً فوقتا چیک کیا جائے ۔بم ڈسپوزل سکوارڈ، کیو آر ایف اور ایمرجنسی سروسسز کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے ۔

خفیہ اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ کسی بھی تھرٹ الرٹ کی صورت میں ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔نیوائیر نائٹ کے موقع پر امن و امان کے قیام اور کسی بھی ممکنہ حادثہ سے بچاؤ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ ملکی صورت حال کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی شر پسند اور ملک دشمن عناصر کو ان کے مذمو م مقا صدمیں کامیاب کرنے میں مدد دے سکتی ہے لہذا امن و مان کے قیام، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کے لئے ضروری ہے کہ تمام ضلعی سربراہان پولیس درج ذیل سکیورٹی انتظامات عمل میں لائیں۔