وزیر اعلی شہباز شریف کا کرسمس کے موقع پر مسیحی قیدیوں کے لئے تین ماہ کی قیدمیں معافی کا اعلان

قید میں معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہو گا، قید میں معافی کی رعایت قانون کے مطابق ہو گی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، وزیر اعلی شہباز شریف نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا

منگل 22 دسمبر 2015 23:01

وزیر اعلی شہباز شریف کا کرسمس کے موقع پر مسیحی قیدیوں کے لئے تین ماہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 دسمبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسیحی برادری نے پاکستان کے قیام ، ترقی و خوشحالی اور تعمیر وطن میں بھرپور کردار ادا کیا ہے ،تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں ، مسیحی برادری نے دکھی انسانیت کی خدمت اور علم کی شمع روشن کرنے کے حوالے سے بڑا نام کمایا ہے ،ملک کے دفاع اور انصاف کی فراہمی میں بھی مسیحی برادری کا کردار قابل تعریف ہے ،وزیر اعلی نے کرسمس کے موقع پر صوبے کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی تین ماہ کی قید میں معافی کا اعلان کیا ہے ،قید میں معافی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث مسیحی قیدیوں پر نہیں ہو گا- قید میں معافی کی رعایت ان مسیحی قیدیوں کو ملے گی جس کی قانون اجازت دیتا ہے -وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ماڈل ٹاؤن میں کرسمس کے موقع کی مناسبت سے مسیحی برادری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-وفاقی وزیر پورٹ و شپنگ کامران مائیکل ، صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھواور مسیحی برادری کے رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کا تہوار خوشیوں کا دن ہے اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں- ایسے کرسمس کے تہوار منانے سے مسلمانوں اور مسیحی برادری میں یگانگت ، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے - انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ اسلام کی پیدائش کا دن مسیحی برداری کے ساتھ مسلمانوں کے لئے بھی مقدس اور قابل احترام ہے-قرآن مجید میں بھی حضرت عیسی علیہ اسلام کے دور کے واقعات تفصیل سے بیان کئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیح، ہندو، پارسی اور سکھ برادری نے امن کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اورپاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں-بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی تمام اقلیتوں کے یکسا ں حقوق پر زور دیا ہے - ہم سب نے مل کر قائد کے اسی وژن کو پاکستان میں آگے لے کر چلنا ہے - انہوں نے کہا کہ پرامن اور رواداری پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لئے قائد کی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا - آئین پاکستان کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریو ں کو یہاں رہنے اور کام کرنے کا پورا حق حاصل ہے- وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے- انہوں نے کہا کہملک کو امن کاگہوارہ بنانے کے لئے انتہا پسند انہ سوچ کا خاتمہ ضروری ہے - انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو دی جانے والی عیدی کے چیک کو کیش کرانے کے حوالے سے طریقہ کار آسان بنایا جائے گا-پوری کوشش کریں گے کہ چیک کرسمس سے پہلے کیش ہو سکیں اور میں اس بارے ہدایات جاری کر رہا ہوں- وزیر اعلی نے یوحنا آباد کے واقعہ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوحنا آباد کے واقعہ میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جو بھی ریلیف ممکن ہوا دیں گے - انہوں نے کہا کہ سینٹ فرانسس سکول کے ضمن میں رپورٹ منگواؤں گا اور مسیحی برادری کے مطالبے کی روشنی میں اس کا جائزہ لیں گے -وزیر اعلی نے کرسمس کا کیک بھی کاٹا-وفاقی وزیر پورٹ و شپنگ کامران مائیکل، صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو، بشپ ، فادرز ، سسٹرز اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں-