عازمین عمرہ کو لاہور سے جدہ لے کر جانے والی شاہین ائرلائن کی پرواز دس گھنٹے تاخیر کا شکار

پیر 21 دسمبر 2015 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21دسمبر۔2015ء) عازمین عمرہ کو لاہور سے جدہ لے کر جانے والی شاہین اےئرلائن کی پرواز دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی،عمرہ زائرین کے رشتہ دار مشتعل ،شاہین اےئر لائن کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔بتایا گیا ہے کہ شاہین اےئر لائن کی پرواز 717عازمین عمرہ کو لاہور سے جدہ لے کر روانہ ہونا تھا طیارے کی عدم موجودگی کے باعث وقت پر روانہ نہ ہو سکی ۔

واضح رہے کہ لاہور سے جد ہ جانیوالی پرواز 717 کے مسافروں میں بزرگ و خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے جنہیں صبح سے لاؤنج میں بٹھایا گیا تھا ۔بزرگ و خواتین زائرین عمرہ صبح سے بیٹھے اپنی پرواز کا انتظار کر رہے تھے۔پرواز کے تاخیر کا شکار ہونے اور شاہین اےئر لائن کی جانب سے مسافروں کو کسی قسم کی سہولیات فراہم نہ کیے جانے پرمتاثرہ مسافرین کی جانب سے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا گیا اور مسافروں نے شاہین اےئر لائن کے دفتر کا گھیراؤ کر لیا اورعملے کے ساتھ تلخ کلامی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زائرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے رشتہ داروں کے ساتھ الوداعی ملاقات کر کے اےئر پورٹ پہنچے ہیں اور صبح سے لاؤنج میں بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں لیکن اےئر لائن انتظامیہ کی طرف سے نہ تو انہیں کھانا فراہم کیا گیا اور نہ ہی ان کے لئے کسی ہوٹل کا انتظام کیا گیا تاکہ وہ کچھ دیر آرام کر سکیں۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ مسافرین میں اکثریت جدہ عمرہ کے فرض کی ادائیگی کے لئے جانے والوں کی ہے۔

مسافروں کے احتجاج پر اےئر پور ٹ انتظامیہ نے صورتحال قابو سے باہر ہوتے دیکھ کر اےئر پورٹ سیکورٹی فورس کی مدد طلب کر لی۔جنہوں نے موقع پر پہنچ کر مشکل سے صورتحال کو اپنے قابو میں کیا۔اس دوران متاثرہ مسافروں کا اشتعال کم نہیں ہوا اور انکی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ شاہین اےئر لائن انتظامیہ کے مطابق پرواز میں تاخیر کا سبب طیار ے کی عدم موجودگی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی عازمین عمرہ کو لاہور سے جدہ لے کر جانے والی پرواز کو منسوخ کر دینے کی وجہ سے زائرین عمرہ کی جانب سے سخت احتجاج کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :