ڈاکٹرعاصم کیس میں سندھ حکومت کی دخل اندازی کے خلاف رینجرز نے ایک اور درخواست دائر کرادی

حکومت سندھ سابق وفاقی وزیر کے خلاف کیس میں مداخلت کرکے اثر انداز ہورہی ہے،صوبائی حکومت کومداخلت سے روکا جائے،درخواست میں موقف

ہفتہ 19 دسمبر 2015 21:39

ڈاکٹرعاصم کیس میں سندھ حکومت کی دخل اندازی کے خلاف رینجرز نے ایک اور ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 دسمبر۔2015ء) رینجرز نے ڈاکٹرعاصم کیس میں سندھ حکومت کی دخل اندازی کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کرادی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کوسندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف مقدمے کے مدعی ونگ کمانڈرعنایت اﷲ درانی کی جانب سے دائر پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ ڈاکٹر عاصم حسین کیس میں مداخلت کرکے اثر انداز ہورہی ہے، ڈاکٹر عاصم کے خلاف گواہوں اور عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں چارج شیٹ تیار ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد تفتیشی افسر کو تبدیل کردیا گیا اور اب وکیل استغاثہ کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے جو غلط ہے،حکومت سندھ کے ان اقدامات سے دہشت گروں کو فائدہ پہنچے گا۔

مدعی نے اپنی درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ حکومت سندھ کو ڈاکٹر عاصم کیس میں مداخلت سے روکا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مشتاق جہانگیری کی جانب سے بھی سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کے حق میں بیان دینے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور مجھے تبدیل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :