سعودی عرب مصر کو پانچ برس تک تیل دے گا، شاہ سلمان

قاہرہ میں سعودی سرمایہ کاری کا حجم 30 ریال تک بڑھانے کا شاہی فرمان بھی جاری کردیاگیا

بدھ 16 دسمبر 2015 21:16

سعودی عرب مصر کو پانچ برس تک تیل دے گا، شاہ سلمان

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پانچ سال کے لیے مصر کی تیل کی ضروریات پوری کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی مصر میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھا کر 30 ارب ریال کرنے کا حکم دیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض حکومت نے قاہرہ کے ساتھ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے اور ہم آہنگی کے فروغ کی ہدایت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان اور مصری صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کے درمیان 11 نومبر کو طے پائے سمجھوتے کو عملی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ پچھلے ماہ شاہ سلمان اور مصری صدر فتاح السیسی کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

دونوں رہ نماؤں نے دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے مختلف معاہدوں کی منظوری دی تھی۔ ملاقات میں سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، مصری وزیراعظم شریف اسماعیل محمد اور دیگر رہ نما موجود تھے۔

شاہ سلمان نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے پانچ سال کے لیے مصر کی تیل کی ضروریات پوری کرنے میں معاونت کرنے کے ساتھ ساتھ مصر میں سعودی سرمایہ کاری کا حجم بڑھا کر تیس ارب ریال کرنے کا حکم دیا ہے۔خیال رہے کہ مصری صدر اور سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد تیسری ملاقات ریاض میں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔مصری صدر عبدالفتاح السیسی، وزیراعظم انجینیر شریف اسماعیل محمد اور ان کی کابینہ نے سعودی عرب کی طرف سے اقتصادی شعبے میں تعاون اور قاہرہ کے مفادات کے تحفظ پر ریاض کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :