کراچی : رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو فیصلہ وفاقی حکومت کرے ۔ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن رہنماوں کا مطالبہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 دسمبر 2015 13:58

کراچی : رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 14 دسمبر 2015 ء) : سندھ اسمبلی میں آج ایک مرتبہ پھر رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ لٹک گیا . سندھ اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس شور شرابے کی نذر ہو کر کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے. سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین نے رینجرز اختیارات میں توسیع کے اپنے مطالبے کو دوہرایا. شہریار مہر کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا جائے کہ سندھ رینجرز کو اختیارات کیوں نہیں دئے جا رہے ؟ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر لوگ تشویش کا شکار ہیں۔

کراچی میں پہلے ہی امن و امان کی صورتحال خراب ہونے پر ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ سندھ حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت گیارہویں نمبر پر رکھا ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے علاوہ تمام اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔اپوزیشن نے چیخ و پکار کی لیکن ایک نہ سنی گئی۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ آج ہی حل کیا جائے لیکن اگر آج کی تاریخ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کا معاملہ حل نہ کیا گیا تو اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔

محسوس ہو رہا ہے کہ سندھ حکومت کی رینجرز اختیارات میں توسیع کی نیت ہی نہیں ہے۔ لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ رینجرز کو وائٹ کالر کرپشن روکنے کے اختیارات دینے چاہئیں۔اپوزیشن رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ اگر صوبائی حکومت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع پر فیصلہ نہ کیا تو اس معاملے پر وفاق فیصلہ کرے اور رینجرز کو اختیارات دیئے جائیں۔