محکمہ زراعت کے زیر اہتمام فارمر فیلڈز ویک کا انعقاد

جمعرات 10 دسمبر 2015 23:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 دسمبر۔2015ء ) محکمہ زراعت کے زیر اہتمام فارمر فیلڈز ویک کا انعقاد کیاگیا - فارمر فیلڈزویک میں کسانوں کو مختلف فصلوں اور زرعی اجناس کی کم وسائل میں بہتر پیداوار حاصل کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ اور ٹریننگ دی گئی - فارمر فیلڈزویک میں کسانوں کو کھادو ں اور سپرے کے موثر استعمال کے بارے میں بتایاگیا-کسانو ں کو بتایاگیاکہ کھادوں کی متناسب مقدار زمین کی ضرورت کے مطابق استعمال کرنے سے پیداوار میں حد درجہ اضافہ کیاجاسکتا ہے - ضلع لاہور کے دیہی علاقوں منڈیانوالہ ، بھینی ڈھلواں اور ٹھٹھی کودا میں محکمہ زراعت (توسیع)لاہور کے زیر انتظام سبزیوں کی کاشت کے فروغ کے منصوبہ کے تحت متعدد یوم کاشتکاراں منائے گئے جس میں چوہدری عبدالغنی ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل لاہور ،محمد وارث ٹھاکر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع)لاہور ، راؤ محمد انور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت ، زراعت آفیسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

زرعی ماہرین نے ان پروگراموں میں کاشتکاروں کو سبزیوں کی بہتر دیکھ بھال بارے لیکچرز دیے جن میں کاشتکاروں نے خصوصی دلچسپی لی۔چوہدری عبدالغنی نے آلو کی کاشت ، کھادوں کے استعمال اور بہتر دیکھ بھال بارے جبکہ محمد وارث ٹھاکر نے گندم اور دیگر فصلوں کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول اور راؤ محمد انور نے گندم کی جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی اور آبپاشی کے رہنمااصولوں اور سپرے کے درست طریقہ کار کے متعلق بتایا۔ حلقہ کے کاشتکاران کی طرف سے محکمہ زراعت کے افسران اورفیلڈ سٹاف کی محنت کو سراہتے ہوئے محکمہ کی طرف سے دی گئی زرعی ہدایات پر عمل کرنے کاا عادہ کیاگیا۔