ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے شرکا کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے، افغانستان میں پائیدار ترقی و امن کیلئے طویل المدتی تعاون، خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط ومختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور امن مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور

بدھ 9 دسمبر 2015 16:28

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے شرکا کا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 دسمبر۔2015ء) مختلف ممالک اور تنظیموں کے نمائندوں نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے، افغانستان میں پائیدار ترقی اور امن کیلئے طویل المدتی تعاون، خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور امن مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب وزیرخارجہ انتھونی بلینکن نے کہا کہ افغانستان میں امن مصالحتی عمل کی حمایت کرتے ہیں، جنگ زدہ افغانستان میں گورننس کا نظام بہتر بنانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ افغانستان میں ادارے کامیابی سے کام کریں۔

(جاری ہے)

سعودی نائب وزیرخارجہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی انسانیت اور مذاہب دونوں کی دشمن ہے، افغانستان میں تعمیر نو کیلئے عالمی تعاون بے حد ضروری ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرغستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ عسکریت پسندی روکنے کیلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے، افغانستان کی تعمیر نو کیلئے کرغستان اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔تاجکستان کے وزیرخارجہ نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار ترقی اور امن چاہتے ہیں، افغانستان میں ترقی کیلئے طویل المدتی تعاون کیلئے تیار ہیں،افغانستان میں افرادی قوت کی ترقی کیلئے بھی تعاون کرنا چاہتے ہیں۔

ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لٹویا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی روابط اور تعاون ضروری ہے،افغانستان کی تعمیر نو میں مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ترکمانستان سے ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن افغانستان پہنچائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :