سینئر افغان طالبان رہنماؤں نے ملا اختر منصور کے آیڈیو پیغام کو جعلی قرار دیدیا، ملا اختر منصورزندہ نہیں ہلاک ہوچکے ہیں، آڈیو جاری کرنے کا مقصد گروپ کو اچانک صدمے سے باہر لانا اور نئے امیر کے انتخاب کیلئے وقت لینا ہے ،سینئر طالبان رہنماؤں کا دعویٰ

اتوار 6 دسمبر 2015 18:24

سینئر افغان طالبان رہنماؤں نے ملا اختر منصور کے آیڈیو پیغام کو جعلی ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6دسمبر۔2015ء) سینئر افغان طالبان رہنماؤں نے ملا اختر منصور کے جاری ہونے والے آیڈیو پیغام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملا اختر منصورزندہ نہیں ہلاک ہوچکے ہیں،ملتی جلتی آواز میں آڈیو جاری کرنے کا مقصد گروپ کو اچانک صدمے سے باہر لانا اور نئے امیر کے انتخاب کیلئے وقت لینا ہے ۔اتوار کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق سینئر افغان طالبان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گروپ کی جانب سے ملا اختر منصور کی آواز سے ملتی جلتی آڈیو جاری کرنے کا مقصد نئے امیر کے انتخاب کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت لینا ہے ۔

ایک سینئر طالبان ذرائع نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ ملااختر منصور کی جاری ہونے والی آڈیو جعلی ہے مجھے یقین ہے کہ وہ مر چکے ہیں۔مزید ثبوت فراہم کرنے کے اصرار پر ذرائع نے مزید بتایاکہ طالبان گروپ مزید وقت چاہتا ہے تاکہ وہ اپنے امیر کی ہلاکت کے اچانک صدمے سے تنظیم کو باہرلاسکے اور نئے امیر کا انتخاب عمل لایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایک اور سینئر طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ملااختر کی آڈیو سننے کے بعد مطمین نہیں جبکہ ایک تیسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملااختر جمعرات کو ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک طالبان افغانستان کے رہنما ملا اختر منصور کا نیا آڈیو پیغام سامنے آیا تھا۔ جس میں انہوں نے اپنے زخمی یا مارے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کی ۔نئے آڈیو پیغام میں ملا اختر منصور نے طالبان کے درمیان اختلافات کی خبریں بے بنیاد قرار دیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیریت سے ہیں اور اپنوں کے درمیان ہیں، اْن کے مارے جانے یا زخمی ہونے کی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ملا اخترمنصور نے کہا کہ طالبان میں نظریاتی اختلافات ہیں، اس کا حل جلد نکال لیا جائے گا۔یاد رہے کہ ملااختر منصور ایک اجلاس کے دوران کمانڈروں کی لڑائی کے نتیجے میں ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوگئے تھے جن کے بعد میں مارے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔