گذشتہ ماہ 229 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں،ایف بی آر

منگل 1 دسمبر 2015 11:57

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم دسمبر۔2015ء) گزشتہ سال کے مقابلے میں نومبر 2015 ء کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 27.22 فیصد سے زائد ٹیکس وصولیاں کی ہیں اور نومبر 2015ء کے دوران ایف بی آر نے 229 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں جبکہ نومبر 2014ء کے دوران 180 ارب روپے کے ٹیکس محصولات اکٹھے کئے گئے تھے۔ ایف بی آر کے اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2014-15 کے مقابلے میں جاری مالی سال 2015-16 کے پہلے پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 15.49 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جاری مالی سال جولائی تا نومبر کے عرصہ کے دوران 1.044 کھرب روپے کے ٹیکس محصولات اکٹھے کئے گئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ایف بی آر نے 904 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے ترجمان محمد اقبال نے کہا ہے کہ ٹکیس وصولیوں کیلئے نومبر کا ہدف حاصل کرلیا گیا ہے تاہم توقع ہے کہ حتمی اعدادوشمار کے بعد ٹیکس وصولیوں کا حجم بڑھ جائے گا۔ ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں نومبر 2015ء کے دوران ایف بی آر کی جانب سے 36 ارب روپے کے ریفنڈ بھی جاری کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں نومبر 2014 کے دوران 34 ارب روپے کے ریفنڈ دیئے گئے تھے۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولیوں کے ہدف کو حاصل کرلیا جائے گا جس سے ملکی معیشت کی ترقی پر مثبت اثرات مرتبت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :