کراچی آپریشن پر خدشات دور کرنے کیلئے تیار ہیں، صحافیوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عاصم کے کیس میں جو بھی ہو گا وہ قانون کے مطابق ہوگا،وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 28 نومبر 2015 22:58

کراچی آپریشن پر خدشات دور کرنے کیلئے تیار ہیں، صحافیوں کا تحفظ ہماری ..

واہ کینٹ۔ 28 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 نومبر۔2015ء) وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن پر جس جماعت کے بھی خدشات ہیں ہم انہیں دور کرنے کیلئے پہلے بھی تیار تھے اب بھی تیار ہیں، صحافیوں کو ٹارگٹ کر نا دہشت گردوں کی ترجیحات میں شامل ہے اس لئے صحافیوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عاصم کے کیس میں جو بھی ہو گا وہ قانون کے مطابق ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واہ کینٹ میں زیرِتعمیر 500بیڈز کے جنرل ہسپتال کے دورے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک بھر میں جاری بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ہم نے خیبر پختونخواہ سے لے کر سندھ تک اور بلوچستان سے لے کر پنجاب تک الیکشن کمیشن کے کہنے پر اضافی سکیورٹی دی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

کراچی میں آپریشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کے پیش نظر آپریشن کا اعلان کیا گیا تھا ، یہ آپریشن وفاقی حکومت یا مسلم لیگ ن نے اپنے طور پر اس شروع نہیں کیا بلکہ آپریش کے حوالے سے تمام جماعتوں سے مشاورت کی گئی اور سب نے اس پر اتفاق کیا کر دیا ۔ انہوں نے کہا کراچی آپریشن کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ اسی طرح جاری ہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے حوالے سے اگر کسی جماعت کو اگر کچھ خدشات ہیں توہم انہیں دور کرنے کیلئے پہلے بھی تیار تھے اب بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے کراچی اور آج کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ 2013 کے بلوچستان میں اور آج کے بلوچستان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ڈان نیوز اور صحافیوں پر حملے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں آپ کویاد دلانا چاہتا ہوں کہ یہی کراچی تھا جہاں اس طرح کے حملہ ہوتے تھے اور صحافیوں کو باقاعدہ شہید کیا جاتا تھا لیکن اب حالات بہتر ہیں ، لوگوں کو پکڑا گیا اور کیسز جہاں تک ہو سکا منطقی انجام تک پہنچائے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ، میڈیا کا تحفظ بھی لازمی ہے کیونکہ میڈیا پورے پاکستان کی خبر گھر گھر میں پہنچاتا ہے اور آپ فرنٹ لائن پر ہوتے ہیں اور آپ کو ٹارگٹ کر نا دہشت گردوں کی ترجیحات میں شامل ہے ،آپ کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ڈاکٹر عاصم کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رینجرز کی تفتیشی رپورٹ میرے پاس ہے ، جو بھی ہوگا وہ قانون کے مطابق ہوگا۔