صوبائی وزیر برقیات جھوٹ بولنا ترک کر کے بجلی بحران پر سچ کا سامنا کرے ،نواز لیگ نے سو دنوں میں 99دن بجلی بند کرنے اور ایک دن بجلی آن ہونے کا وعدہ پورا کردیا

پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 23:12

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء ) پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر برقیات جھوٹ بولنا ترک کر کے بجلی بحران پر سچ کا سامنا کرے ۔نواز لیگ نے سو دنوں میں 99دن بجلی بند کرنے اور ایک دن بجلی آن ہونے کا وعدہ پورا کردیا ۔حفیظ الرحمن علاقائی اخبارات کو مالی مشکلات میں الجھا کر قوم کی آواز بند کرنا چاہتے ہیں ۔

میڈیاسے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ حاجی اکبر تابان اب ایک ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں انہیں اپنی وزارت کی نا اہلی کو کھلے دل سے تسلیم کر تے ہوئے جھوٹ بولنے کی بجائے قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا یہ حال نہیں تھا جو اب ہے علاقے میں بد ترین لو ڈشیڈنگ نے نظام زندگی کو جام کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے جو سو دنوں کا ٹارگٹ دیا تھا وہ عوام نے بھگت لیا ہے ۔

کیونکہ سو دنوں میں سے 99روز بجلی کی بندش اور صرف ایک روز بجلی فراہم ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے اخبارات میں جوں جوں عوامی مسائل اجا گر ہورہے ہیں حفیظ الرحمن عوامی تنقید سے بچنے کیلئے علاقائی اخبارات کو مالی مشکلات میں الجھا کر عوام کی آواز بند کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حفیظ الرحمن علاقائی اخبارات کو بند کر کے اپنی من پسند تشریح کیلئے قومی اخبارات و میڈیا کو نوازنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ جتنی تنقید میری حکومت پر کی گئی اگر اسکی نصف حفیظ الرحمن پر کی جائے تو وہ اخبارات کی ڈیکریشن بھی منسوخ کر ینگے ۔