ایف بی آر کی ہٹ دھرمی سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے ‘ خواجہ شاہ زیب اکرم

جمعرات 26 نومبر 2015 13:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء) وائس چیئرمین پیاف وچیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ ایف بی آر بزنس کمیونٹی کے لیے ٹیکس ایمنسٹی لانے اور نیا سہولتی پیکیج دینے کی باتیں کر رہا ہے مگر ان کے صریحاً جائز مطالبے ودھ ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کی طرف نہیں آتا ،ٹیکس نیٹ میں اضافے کے نام پر یہ ٹیکس تاجروں کو نہ پہلے منظور تھا نہ اب ہے، وزیراعلیٰ شہباز شریف کے کہنے پر ایف بی آر کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں شریک ہوئے تھے مگر ایف بی آر کی ہٹ دھرمی سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیروز پور انڈسٹریل ایریا کے تاجروں کے ایک وفداور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ شاہ زیب نے کہا کہ تاجر آج بھی وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے سب سے بڑے سپورٹرز تاجروں کا ودھ ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا جائز مطالبہ تسلیم کرائیں۔

(جاری ہے)

صنعتکار محب وطن ہیں بھر پور ٹیکس دیتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ٹیکسیشن نظام سے ہی حکومت چلتی ہے مگر یہ ٹیکس نہیں سراسر ظلم ہے ۔آخر صنعتکار ہی ایک رقم پر کتنی بار ٹیکس ادا کریں۔خواجہ شاہ زیب نے مزید کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے کوئی نیا میکنزم بنایا جاسکتا ہے اور اگر ایف بی آر طاقتور لوگوں سے پورا ٹیکس وصول کرے اور انہیں تحفظ نہ دے تو ڈبل ٹیکس اکٹھا ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :