اسلام آباد : پاکستان روسی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، ترجمان دفتر خارجہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 نومبر 2015 12:28

اسلام آباد : پاکستان روسی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد کی صورتحال پر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 26 نومبر 2015 ء) : ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان روسی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، پاکستان تمام مسائل کا حل پُر امن طریقے اور بات چیت کے ذریعے نکالنے کا حامی ہے، ترجمان نے کہا کہ رُوس اور تُرکی کے درمیان تناؤ پر تشویش ہے، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کاسلسلہ افسوسناک ہے ، ان کا کہنا تھا کہ پیرس حملوں یا دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کو اسلام کے ساتھ جوڑا جانا بھی افسوسناک ہے.

(جاری ہے)

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میں اپوزیشن رہنماؤں کی بڑھتی ہوئی پھانسیوں پر پاکستان کو سخت تشویش ہے ، پاکستان نے بنگلاہدیش کی جانب سے ہمارے ہائی کمشنر کو دیے جانے والے احتجاجی مراسلے اور بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کو نوٹ کیا ہے، جن میں کئی نقاط ایسے ہیں جن کا جواب بنگلہ دیشی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے دیا جائے گا . ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ پُرامن مذاکرات کا حامی ہے لیکن بھارت اپنے ایجنڈے پر مذاکرات کرنا چاہتا ہے جو ہمیں کسی صورت منظور نہیں.