تمام ممالک ’داعش‘ کے خلاف متحد ہوں،اقوام متحدہ میں داعش کے خلاف قرار داد منظور

ہفتہ 21 نومبر 2015 23:20

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 نومبر۔2015ء ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں تمام ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ شدت پسند گروہ ’داعش‘ کے خلاف متحد ہوں۔عالمی میڈیا کے مطابق پیرس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے دہشت گرد حملوں کے تناظر میں منظور کی گئی اس قرارداد میں ’داعش‘ کے خلاف کارروائیوں کو دگنا کرنے کا کہا گیا ہے۔

فرانس کی طرف سے تیار کی گئی اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ’داعش‘ کے خلاف جنگ میں تمام ضروری اقدامات کریں۔پیرس میں دہشت گردوں کے ایک گروہ نے مختلف مقامات پر حملے کر کے 130 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، ان حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

(جاری ہے)

پیرس حملوں سے قبل لبنان میں مہلک خودکش بم حملوں اور روس کے ایک مسافر طیارے کو بم سے تباہ کرنے کی ذمہ داری بھی’داعش‘ نے قبول کی تھی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ اس سے ’داعش‘ کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی۔رواں ہفتے بدھ کو پیرس کے نواح میں سینٹ ڈینس کے علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک بڑی کارروائی کی گئیکئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی اس کارروائی کے بعد تین مشتبہ دہشت گرد مارے گئے جن میں حکام کے مطابق پیرس حملوں کا مبینہ منصوبہ ساز عبدالحمید اباعود بھی شامل تھا۔ جب کہ پیرس حملوں کے بعد فرانس نے شام میں ’داعش‘ کے ٹھکانوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :