دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، پاکستان، فرانس اور دنیا بھر سے جڑ سے اکھاڑنا ہوگا ٗ محمد نواز شریف ٗ خود دہشت گردی کا شکار ہونے کی بناء پر پاکستانی قوم فرانسیسی عوام کا دکھ محسوس کر سکتی ہے ٗفرانسیسی سفیر سے گفتگو

جمعہ 20 نومبر 2015 17:39

دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، پاکستان، فرانس اور دنیا بھر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، پاکستان، فرانس اور دنیا بھر سے انہیں جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ وہ فرانسیسی سفیر مارٹن ڈورنس سے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے پیرس حملوں کی پرزور مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پیرس کے ذمہ دار اسلام کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خود دہشت گردی کا شکار ہونے کی بناء پر پاکستانی قوم فرانسیسی عوام کا دکھ محسوس کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ سمیت تمام ریاستی اداروں کے طویل غور و خوض، مشاورت اور حمایت کے بعد دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کی جس کا مقصد پاکستانی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ اس موقع پر فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر پاکستانی حکومت اور قوم کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عام لوگوں کے ردعمل بالخصوص آرمی پبلک اسکول پشاور کے طالب علموں سے ملنے والے تعزیتی پیغامات سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔