آصف زرداری اور فریال تالپور کرپشن کی علامت بن چکے ہیں، زرداری لیگ کو فریال تالپورکے تکبر کی وجہ سے شکست کاسامنا کرنا پڑا ، ہمارا گروپ بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گا،عوام کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں ،ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں‘سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 19 نومبر 2015 22:12

آصف زرداری اور فریال تالپور کرپشن کی علامت بن چکے ہیں، زرداری لیگ کو ..

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 نومبر۔2015ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کرپشن کی علامت بن چکے ہیں، زرداری لیگ کو فریال تالپورکے تکبر کی وجہ سے ہار ملی ہے، ہمارا گروپ بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گا،عوام کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں،ملک میں کرپٹ نظام کا خاتمہ ہمارا مشن اور اولین ترجیح ہے، خدا نے میری سن لی اور بلدیاتی انتخابات میں مجھے کامیاب کیا۔

وہ جمعرات کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں انتخابی نتائج کے حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگوکر رہے تھے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ان کی دعائیں رنگ لے آئیں اور بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں گولارچی، ٹنڈو باگو اور بدین میں مجھے بھاری اکثریت سے کامیابی ملی، زرداری لیگ کی ہار ان کی سابقہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا گروپ بدین، ٹنڈو باگو اور گولارچی میں کلین سویپ کرے گا، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ کامیابی کے علاوہ کوئی دوسرا آپسن میرے پاس نہیں ہے، عوام نے زرداری لیگ کی کرپشن کو دیکھ لیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کرپشن کی علامت بن چکے ہیں، سنگین کرپشن کرنے کے باعث ان دونوں کی تصاویر پوسٹرز سے ہٹا لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں سے تنگ آ چکے ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ زرداری گروپ کو پسند نہیں کرتے اور نہ ہی آئندہ اپنا نمائندہ منتخب کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی بنانے کیلئے الیکشن جیتنے کا انتظار کر رہا تھا، الیکشن جیتتے ہی پارٹی کا اعلان کردوں گا، ملک میں کرپٹ نظام کا خاتمہ ہمارا مشن اور اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف ایک‌صورت میں کسی بھی جماعت سے اتحاد ہو سکتا ہے اور وہ ہے اینٹی زرداری۔ پھر چاہے وہ تحریک انصاف ہو یا جماعت اسلامی، عمران خان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وہ بحثیت کرکٹر پہلے ہی پسند کرتے تھے اور سیاست میں آنے کے بعد بھی عمران خان ایک اچھا رہنما ہے کیونکہ وہ سیدھی اور صاف بات کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :