Live Updates

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 نومبر 2015 21:21

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.18 نومبر 2015 ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔یہ خطرہ ریحام خان سے نکاح کورجسٹر نہ کروانے کے باعث پیدا ہوا ہے۔ پاکستان کے مسلم فیملی لاء آرڈیننس 1961 کی شق 5 (2) کے تحت نکاح رجسٹرار متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین کے پاس شادی کو رجسٹر کرانے کا پابند ہے۔

تاہم عمران خان اور ریحام خان کا بنی گالہ میں ہونے والا نکاح متعلقہ اسسٹنٹ کمیشنر سیکرٹریٹ کے پاس رجسٹر نہیں ہوا۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ممکن ہے کہ عمران خان اور ریحام خان کا نکاح کسی اور یونین کونسل میں رجسٹر ہوا ہو۔ تاہم اس حوالے سے عمران خان اور ریحام خان کا نکاح کروانے والے مفتی سعید نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کی جانب سے بھی اس حوالے سے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مسلم فیملی لاء 1961 کے تحت نکاح کو جان بوجھ کر رجسٹر نہ کروانا جرم ہے۔ اس جرم کے ثابت ہونے پر دلہا اور نکاح خواں کو تین ماہ جیل اور ایک ہزار رروپے جرمانے کی سزا دی جاتی ہے۔ جبکہ پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 470 کے تحت بھی ایسا کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ قائم کیا جا سکتا ہے اور جرم ثابت ہو جائے تو نکاح خواں کا لائسنس منسوخ کر دیا جاتا ہے۔ جبکہ عمران خان کے کیس میں انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور دوبارہ الیکشن لڑنے کیلئے بھی انہیں ناہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات