دہشتگردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور رینجرز اس جنگ میں ہراول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے،ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر

منگل 17 نومبر 2015 22:59

دہشتگردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور رینجرز اس جنگ میں ہراول ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 نومبر۔2015ء) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس با ت کا عزم کیا گیاکہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں واضح حد تک کمی آئی ہے اور عوام کا بھروسہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز پر بڑھا ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز نے عوام میں تحفظ کا احساس بیدار کرکے اہم کارنامہ انجام دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ عسکری اداروں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا عزم ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت شروع ہونے والا یہ آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم پیشہ فرد کے خاتمہ تک جاری رہے تاکہ مستقبل میں کسی دہشت گرد کو سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور رینجرز اس جنگ میں ہراول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ ہر ایک سپاہی کا یہ عزم ہے کہ اس ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ ڈی جی رینجرز نے صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا اور کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر رینجرز نے دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فول پروف اقدامات کئے ہیں اور کسی بھی جرائم پیشہ فرد یا قانون کو ہاتھ میں لینے والے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :