میرے کچھ انکلز نے میرا ساتھ چھوڑ دیا اور میرے ساتھ بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح غداری کی گئی ، بلاول بھٹو زرداری

میں شہید بینظیر بھٹو کافرزند ہوں اور ایسے لوگوں سے ڈرنے والا نہیں، بدین میں اﷲ والا چوک پر عوامی جلسے سے خطاب

منگل 17 نومبر 2015 22:07

میرے کچھ انکلز نے میرا ساتھ چھوڑ دیا اور میرے ساتھ بھی شہید ذوالفقار ..

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرے کچھ انکلز نے میرا ساتھ چھوڑ دیا اور میرے ساتھ بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح غداری کی گئی او ر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پارٹی کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بدین کے لوگوں کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ انہیں قتل کر دیا جائیگا اور آج بھی عوام کا رستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ادارے سو رہے ہیں جبکہ انہیں کوئی روکنے والا نہیں لیکن میں شہید بینظیر بھٹو کافرزند ہوں اور ایسے لوگوں سے ڈرنے والا نہیں۔

یہ بات انہوں نے ضلع بدین میں اﷲ والا چوک پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص بینظیر بھٹو کو بہن کہتا تھا آج وہ دشمن کے ساتھ ہے اور وہ ارباب رحیم کا ساتھی ن لیگ کی گود میں بیٹھا ہے اور اس نے پی پی پی کو بدین ضلع سے ختم کرنے کا سوچا ہے لیکن میں اسے بتانا چاہتا ہوں کہ پی پی پی غریبوں کے دل میں سمائی ہوئی ہے اور یہ محبت نسل در نسل منتقل ہوتی ہے جوکہ کبھی ختم نہیں ہو سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بدین کے عوام جس نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا والہانہ استقبال کیا تھا ویسے ہی بدین کے مکینوں نے آج میرا بھی تاریخی استقبال کیا ہے جس کیلئے میں ان کا شکر گذار ہوں ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کے چھوڑے ہوئے مشن کو عوامی مدد سے پایہء تکمیل تک پہنچایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بدین کو ضلع کا درجہ دیا تھا اور ضلع میں کالجز ، بجلی ، گیس اور دیگر بے مثا ل ترقیاتی اسکیمیں دی تھیں اس کے علاوہ محترمہ بینظیر بھٹو نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کر کے غریب عوام کے گھروں کا چولہا جلایا جوکہ اب تک کافی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں عوام کے اور عوام میرے ساتھ ہے اور عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑ ا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ بدین کے عوام نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ساتھ نہیں چھوڑا اور مشکل میں بلاول بھٹو بھی آپکا ساتھ نہیں چھوڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انکل عمران خان سیاست کے حوالے سے بات کرتے ہیں تو میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں اپنی چھوٹی سی عمر میں جلا وطن بھی رہا اور اپنے والد کو جیل میں قید اور انکی کٹی ہوئی زبان بھی دیکھی جبکہ اپنی ماں کو اس ملک کیلئے قربان ہوتے ہوئے بھی دیکھا پھر بھی انکل عمران کہتے ہیں کہ مجھے سیاست نہیں آتی ۔

انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے بڑے بڑے آمروں سے مقابلہ کیا او ر انہیں شکست دیکر بڑے بڑے بت گرا دیے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی حمایت اور انکی خدمت سے ہوتی ہے جوکہ ہمارے خون میں شامل ہے اور ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے عوامی پر جوش نعروں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 19نومبر کو بلدیاتی انتخابات میں تیر پر مہر لگا کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ 19نومبر کو تیر چلے گا مرزا اور کالا کوا نہیں چلے گا ۔ انہوں نے آخر میں یہ نعرہ لگاتے ہوئے اپنے خطاب کا اختتام کیا کہ یا اﷲ یا رسول بینظیر بے قصور ۔ اس موقع پر سینیئر صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم نثار احمد کھوڑ و ، صوبائی وزیر ممتاز جکھرانی ، ایم این شگفتہ جمانی،صوبائی وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو ، سابق سینیٹر یاسمین شاہ ، ڈاکٹر خالدہمیندھروسابق مشیر اطلاعات جمیل سومرو ، ایم این اے سردار کمال خان چانگ ، ایم پی اے نواز چانڈیو اور دیگر بھی وہاں موجود تھے۔