ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں اپنی نئی جماعت بنانے کا عندیہ دیدیا

سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 17 نومبر 2015 22:02

ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں اپنی نئی جماعت بنانے کا ..

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 نومبر۔2015ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں اپنی نئی جماعت بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے بدین میں بلاول بھٹو کے شاندار استقبال کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا بدین میں ہر جگہ استقبال کرایا، سندھ میں شخصی نہیں پارٹی بنیاد پر فیصلہ ہوگا،بنیادی کارکن ہوں اور وہ حیثیت مجھ سے کوئی بھی نہیں چھین سکتا،بدین میں سرکاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی کو نہیں جیتنے دوں گا۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بدین میں پوری حکومت اور حکومتی مشینری لگی ہوئی ہے اور ہر جگہ سرکاری مشینری ہی استعمال کی جا رہی ہے لیکن میں دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی کو نہیں جیتنے دوں گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے مقابلے میں اپنی نئی جماعت بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ تیر کے انتخابی نشان پر الیکشن نہیں لڑوں گا ، میں ایک بنیادی کارکن ہوں اور وہ حیثیت مجھ سے کوئی بھی نہیں چھین سکتا،میری بلدیاتی الیکشن میں 60فیصد نشستیں ہیں، بدین میں میرا اپنا گھر ہے،اگر کسی نے میرے گھر میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی تو اسے مٹھائی نہیں کھلائی جائے گی،پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن جیت گیا توقابض گروہ ختم ہو جائے گا۔

بدین میں بلاول بھٹو کے شاندار استقبال کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ میں نے بلاول بھٹو زرداری کا بدین میں ہر جگہ پر استقبال کرایا،سندھ میں شخصی نہیں پارٹی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔