وزیر داخلہ کا ایف آئی اے کو انسانی سمگلرز کے خلاف اندرون و بیرون ملک کریک ڈاؤن کا حکم

منگل 17 نومبر 2015 21:53

وزیر داخلہ کا ایف آئی اے کو انسانی سمگلرز کے خلاف اندرون و بیرون ملک ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 نومبر۔2015ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو انسانی سمگلرز کے خلاف اندرون و بیرون ملک فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹ ، چیئرمین نادرا اور ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اب تک شناخت کیے گئے تین سو انسانی سمگلرز اور ان کے ایجنٹس کے پاسپورٹس فوری طور پر منسوخ ، شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے جائیں ، انٹرپول کے ذریعے مفرور انسانی سمگلرز کے ریڈ وارنٹ حاصل کرکے ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے ، امریکی حکام سے الطاف خانانی کے خلاف شواہد حاصل کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے ، ڈی پورٹیز کے حوالے سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان معاہدے میں موجودہ تضادات اور اس کے عملدرآمد میں پائی جانیوالی بے قاعدگیاں معاہدے کی معطلی کا باعث بنیں ، آئندہ کسی ڈی پورٹی کو وزارت داخلہ کی واضح اجازت کے بغیر عارضی سفری دستاویزات کا اجراء نہ کیا جائے ، آئندہ کسی بھی ڈیپورٹی کو وزارت داخلہ کی اجازت اور پاکستانی سفری دستاویزات کے بغیر پاکستان لانے والی ایئرلائن کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں وزارت خارجہ ، ایف آئی اے ، چیئرمین نادرا اور وزارت داخلہ حکام شریک ہوئے ، اجلاس میں ڈی پیورٹیز کے حوالے سے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان معاہدہ ، معاہدے میں موجودہ تضادات اور اس کے عملدرآمد میں بے قاعدگیوں ، ڈیپورٹیز کے حوالے سے ایس او پی اور انسانی سمگلرز کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ سال میں انسانی سملگرز کے خلاف ایف آئی اے کے مختلف اقدامات کے نتیجے میں صورتحال میں بہتری آئی ہے مگر ابھی بھی یہ ناکافی ہے ، ایف آئی اے اپنے روایتی طریقوں کو چھوڑ کر اب میرے طریقہ کار پر عمل کرے ۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو انسانی سمگلرز کے خلاف اندرون و بیرون ملک فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹ ، چیئرمین نادرا اور ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اب تک شناخت کیے گئے تین سو انسانی سمگلرز اور ان کے ایجنٹس کے پاسپورٹس فوری طور پر منسوخ ، شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمند کردیئے جائیں ، انٹرپول کے ذریعے مفرور انسانی سمگلرز کے ریڈ وارنٹ حاصل کرکے ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے ، ایف آئی اے انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کرے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام سے الطاف خانانی کے خلاف شواہد حاصل کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے ، 2008ء میں قائم خانانی اور کالیا کیس میں خانانی و دیگر کی بریت کے معاملے کو متعلقہ عدالتوں میں اٹھایا جائے ۔ اس کیس میں اب تک پیش رفت کیوں نہیں ہوئی اور یہ کیوں اتنے عرصے سے زیر التواء ہے ، اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ اتنے عرصے سے زیر التواء اس کیس کی جگہ ایف آئی اے کے اندرونی عناصر یا کوئی سیاسی ہاتھ تو نہیں ؟ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو جرائم کی روک تھا ، متاثرہ افراد کا تحفظ ، مجرموں کے خلاف مقدمات کی پیروی ، اشتہاری اور مفرورں کی گرفتاری ، بین الاقوامی سطح پر بہتر تعلقات کی حکمت عملی پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈیپورٹیز کے حوالے سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاہدہ تضادات اور اس کے عملدرآمد میں پائی جانے والی بے قاعدگیاں معاہدے کی معطلی کا باعث بنیں ، آئندہ کسی ڈیپورٹی کو وزارت داخلہ کی واضح ہدایت کے بعد عارضی سفری دستاوزات کا اجراء نہ کیا جائے ۔

آئندہ کسی بھی ڈیپورٹی کو وزارت داخلہ کی اجازت اور پاکستانی سفری دستاویزات کے بغیر پاکستان لانے والی ایئرلائن کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی پاکستانی پر بغیر ثبوت دہشتگردی کا الزام لگا کر ڈیپورٹ کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ وزارت خارجہ کے حکام بیرون ملک سفارتخانوں کو لوکل کمیونٹی سے مل کر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایات جاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل دور میں ہمیں ناصرف تارکین وطن کو حوصلہ دینا ہے بلکہ ہر مرحلے میں ان کا ساتھ دینا ہے ۔ تمام سفارتخانوں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ اگر کسی پاکستانی کو دہشتگردی کے الزام میں ڈیپورٹ کرنا مقصود ہے تو حکومت پاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں ۔