چھوٹے موٹے بیانات سے حکومت اور فوج کے تعلقات خراب نہیں ہوتے:ایاز صادق

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 17 نومبر 2015 14:54

چھوٹے موٹے بیانات سے حکومت اور فوج کے تعلقات خراب نہیں ہوتے:ایاز صادق

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔17 نومبر۔2015ء ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ چھوٹے موٹے بیانات سے حکومت اور فوج میں تعلقات خراب نہیں ہوتے ،پارلیمنٹ ، فوج اور عدلیہ سمیت ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کر رہا ہے ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ امریکہ معمول کا دورہ ہے ، اللہ تعالیٰ سے عمران کی ہدایت کیلئے دعا گو ہوں،پاک چین اقتصادی راہداری پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ کمیٹی بنی ہوئی ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو اس میں بات ہو سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میا ں میر ہسپتال کو مکمل آپریشنل حالت میں لانے کیلئے منعقدہ اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے متعلق بھی کہا جارہا تھاکہ وہاں ڈو مور کا مطالبہ سامنے آئے گا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر پر بھرپور موقف اپنایا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران ڈو مور کا مطالبہ نہیں ہوا بلکہ ”ون ون سچوائیشن “ تھی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ بھی معمول کا دورہ ہے اس میں کوئی نئی بات نہیں ۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے بعض تحفظات سامنے آنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی مشترکہ کمیٹی بنی ہوئی ہے اگر کسی کو اعتراض ہے تو اس پر وہاں بات ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے عمران خان کی طرف سے این اے 122کا الیکشن دوبارہ کالعدم قرار دئیے جانے کے دعوے کے سوال کے جواب میں کہا کہ میری تو اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں ہدایت دے وہ کبھی نہ کبھی تو ٹھیک ہو ہی جائیں گے ۔ انہوں نے عبد العلیم خان کے میا ں میر ہسپتال کے حوالے سے بیان کے سوال کے جواب میں کہا کہ تختیوں سے کچھ نہیں ہوتا ہسپتال چلنا چاہیے ۔ سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ فرانس میں دہشتگردی کا واقعہ قابل مذمت ہے ۔

دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ۔ دہشتگردی گلوبل وار بن چکی ہے ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری اختر رسول کی طرف سے دوبارہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایک ہی اسمبلی سے دوسری بار اسپیکر منتخب ہوناپوری دنیا میں منفرد اعزاز ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ اعزاز مسلم لیگ (ن) کے کارکن کو حاصل ہوا ہے ۔میری ذمہ داری ہے کہ بطور اسپیکر قومی اسمبلی میں مکمل غیر جانبدار رہوں ۔

متعلقہ عنوان :