دنیا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کیلئے مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہو گا، انکی مشکلات کم کر نے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر یں گے، دہشت گردوں کے بعد انسانی سمگلرز بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کا باعث ہیں وہ انسانیت اور پاکستانیت کے نام پر دھبہ ہیں،وزیر داخلہ چوہدری نثار کا بیان،وزارت خارجہ اور ایف آئی اے سے ملکر ایسی پالیسی وضع کریں جس سے تارکین وطن کی مدد کی جا سکے،وزارت داخلہ کو ہدایت

اتوار 15 نومبر 2015 20:18

دنیا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دنیا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مشکلات اور مسائل میں اضافہ ہو گا۔ اتوار کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وزارت خارجہ اور ایف آئی اے سے ملکر ایک ایسی پالیسی اور لائحہ عمل وضع کرے جس سے غیر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں سے کسی غیر قانونی سلوک پر انکی مدد کی جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غیر ممالک میں رہنے والے ہم وطن پاکستان کا اثاثہ ہیں اور انہیں بلاوجہ کی مشکلات اورمسائل سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، دہشت گردوں کے بعد انسانی سمگلرز بیرون ملک سب سے زیادہ پاکستان کی بدنامی کا باعث ہیں وہ انسانیت اور پاکستانیت کے نام پر دھبہ ہیں۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اقدامات تیز کرے اور آئندہ48 گھنٹوں میں ایک واضح لائحہ عمل وزارت داخلہ کو پیش کرے۔ وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں (کل)منگل کو اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس طلب کر لیا۔