صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کی فرانس دھماکوں اور فائرنگ سے ہلاکتوں کی شدید مذمت

ہفتہ 14 نومبر 2015 12:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 نومبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے فرانس میں دھماکوں اور فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں،عالمی برادری مشترکہ حکمت عملی اختیار کرکے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرسکتی ہے‘پاکستان فرانس کو مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہرممکن تعاون کرے گا۔

ہفتہ کو ممنوں حسین نے پیرس پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں،عالمی برادری مشترکہ حکمت عملی اختیار کرکے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کرسکتی ہے۔ترجمان وزیر اعظم ہاوٴس کے مطابق فرانس میں رات گئے ہونے والے دہشتگرد حملوں کی وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ہاوٴس سے جاری کردہ تعزیتی بیان میں پیرس میں دہشتگردی پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پاکستانی قوم، فرانسیسی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

پاکستان فرانس کو مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہرممکن تعاون کرے گا۔ واضح رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فائرنگ اور بم دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 178ہوگئی، فرانسی صدر نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کااعلان کردی گئی ہے یاد رہے کہ پیرس میں رات گئے دہشتگردوں نے پانچ سے زائد مقامات پر بموں اور جدید ہتھیاروں سے حملے کیے۔